کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) آل اتحادمشترکہ تندور ایسوسی ایشن (رجسٹرڈ)بلوچستان کے چیئرمین محمد نعیم خلجی نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ فوری طور پر مہنگائی کو مد نظر رکھتے ہوئے تندور والوں کو نیا نرخ نامہ جاری کرے بصورت دیگر ایسوسی ایشن احتجاج پرمجبور ہوگی۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو کوئٹہ پریس کلب میں آل اتحاد مشترکہ تندور ایسوسی ایشن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی اجلاس سے صوبائی صدر عبدالصمد،جنرل سیکرٹری محمد رحیم کاکڑ،نعمت اللہ، گل احمد، علی خان، علی احمد، لالا قنداری، نعمت اللہ، نواب خان،حاجی نادر اوردیگر نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ آل اتحاد مشترکہ تندور ایسوسی ایشن رجسٹرڈ بلوچستان کوئٹہ کو حکومت کی جانب سے گزشتہ سال سرکاری نرخنامہ جاری کیا گیا تھاس میں ہم سے وعدہ کیا گیا تھا کہ گندم کے نرخ بڑھنے کے ساتھ ہی تندور والوں کو نیا نرخ نامہ جاری کیا جائے گااس بارے میں تین مرتبہ پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس ہوا لیکن کوئی نیا نرخ نامہ نہیں دیاگیا۔انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ ہمارے ساتھ نئی تجزیہ کمیٹی بنائی جائے تاکہ تندور والوں کے ساتھ نا انصافی نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال آٹے کی بوری 100کلو گرام کی 9800روپے کی تھی جبکہ اسوقت 13600روپے تک پہنچ چکی ہے جس کی وجہ سے تندور والوں کو موجودہ نرخ پر روٹی فراہم کرنے سے نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ آٹے کے ساتھ ساتھ گیس اور بجلی کے نرخوں میں بھی اضافہ ہوا ہے ہم ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ آل اتحاد مشترکہ تندور ایسوسی ایشن کو فوری طور پر موجودہ مہنگائی اورآٹے کی قیمتوں کو مد نظر رکھتے ہوئے نیا نرخ نامہ دیا جائے بصورت دیگر ایسوسی ایشن احٹجاج پر مجبور ہوگی۔
ضلعی انتظامیہ فوری طور پر مہنگائی کو مد نظر رکھتے ہوئے تندور والوں کو نیا نرخ نامہ جاری کرے، محمد نعیم خلجی

ٹیگز:
محمد نعیم خلجی
