کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان عوامی پارٹی کے بانی سینیٹر سعید احمد ہاشمی نے بلوچستان میں حالیہ دہشتگردی کے واقعات کی مذمت اور ان میں سیکورٹی فورسز کے افسر سمیت اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان بلوچستان تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیکر اندرونی دشمنوں کا مقابلہ کرنے کے لئے مشترکہ بیانیہ اختیار کریں۔یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی۔ سینیٹر سعید احمد ہاشمی نے کہا کہ بلوچستان میں دہشتگردی کے واقعات میں بار پھر تیزی تشویشناک ہے دہشتگردی کے واقعات میں سیکورٹی فورسز کے جوانوں اور شہریوں کی قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس ہے مشکل کی اس گھڑی میں ہماری ہمدردیاں شہداء اور زخمیوں کے خاندانوں کے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز کے جوانوں نے ہمیشہ بدامنی اور دہشتگردی کا مردانہ وار مقابلہ کیا ہے اور قوم کے تحفظ کے لئے اپنی جانوں کی قربانی دینے سے بھی گریز نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں دہشتگردی کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے نیشنل ایکشن پلان کو فعال کرنے کی گفت و شنید ہورہی ہے اس عمل میں وفاق کی جانب سے صوبوں کو بھی اعتماد میں لیا جائیگا میری وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کو تجویز ہے کہ وہ بلوچستان کی سیاسی جماعتوں کے قائدین کا جرگہ بلائیں اور ان سے بڑھتی ہوئی دہشتگردی پر تبادلہ خیال کریں صوبائی حکومت تمام سیا سی جماعتوں کو اعتماد میں لیکر وفاق کے سامنے اپنا نقطہ نظر رکھے اس عمل سے صوبے کا ایک متفقہ بیانیہ سامنے آئیگا جس کے تحت اندورنی دشمنوں کا مقابلہ کرنے میں آسانی پیدا ہوگی۔سینیٹر سعید احمد ہاشمی نے کہا کہ بلوچستان گزشتہ 2دہائیوں سے امن و امان کی ابتر صورتحال سے گزر رہا ہے صوبے میں بدامنی کی وجہ سے عوام کی معاشی اور معاشرتی زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے بد امنی کا خاتمہ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے اس صورتحال میں بلوچستان کی سیاسی،سماجی،قبائلی روایات کو مد نظر رکھتے ہوئے ایسے اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے جن سے بد امنی کا سدباب ممکن ہوسکے جب تک تمام سیاسی قیادت یک زبان ہو کر ایک موقف اختیار نہیں کرتی بد امنی کا خاتمہ ممکن نہیں ہے لہذا وزیراعلیٰ بلوچستان کی قیادت میں صوبائی حکومت اس عمل میں پہل کرتے ہوئے سیاسی قیادت کو فوری طور پر اعتماد میں لیتے ہوئے مستقبل کے فیصلے کرے۔
بلوچستان گزشتہ 2 دہائیوں سے امن و امان کی ابتر صورتحال سے گزر رہا ہے ، سینیٹر سعید ہاشمی

ٹیگز:
سینیٹر سعید ہاشمی
