کوئٹہ(ڈیلی گر ین گوا در) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ پاکستان کی ثقافت کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ ملک و قوم کی پہچان ثقافت سے بہتر اور کچھ نہیں ہوسکتی سندھی ثقافت پاکستان کے گلدستے میں خوبصورت ترین پھول ہے۔ یہ بات پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند خان جوگیزئی، ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات قاسم خان اچکزئی، رابطہ سیکرٹری ربانی خان خلجی، ضلع کوئٹہ کے صدر میر نصیب اللہ شاہوانی ودیگر نے اتوار کو پیپلز سپورٹس اینڈ کلچر ونگ کے زیر اہتمام صوبائی سیکرٹریٹ میں سندھی یوم ثقافت کے دن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کہی۔ تقریب میں صوبائی سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند خان جوگیزئی نے بطور مہمان خاص،صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری غلام محی الدین رند، ڈپٹی اطلاعات سیکرٹریز قاسم خان اچکزئی، ملک زیشان حسین، رابطہ سیکرٹری ربانی خان خان خلجی، ضلع کوئٹہ کے صدر میر نصیب اللہ شاہوانی،کوئٹہ سٹی کے سینئر نائب صدر سید ایوب آغا ودیگر صوبائی،ڈویژنل ضلعی اور زیلی ونگز کے عہدیداروں و کارکنان نے شرکت کی۔اس موقع پر پیپلز سپورٹس اینڈ کلچر ونگ کے صوبائی صدر شہزادہ کاکڑ،نائب صدر میر سراج عمرانی،عبدالنبی سمالانی محمد گل جتک نے پارٹی کے صوبائی عہدیداروں کو سندھی ٹوپی اجرک پہنائیں۔اس موقع پر پارٹی کے رہنماؤں نے سندھی قوم کو یومِ سندھی ثقافت کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سندھی ثقافت پاکستان کے گلدستے میں خوبصورت ترین پھول ہے، سندھ کی سرزمین ہمیشہ امن، پیار اور رواداری کی داعی رہی ہے سندھی ثقافت کی اساس اخوت، ایثار اور انسانیت ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی ثقافت کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ ملک و قوم کی پہچان ثقافت سے بہتر اور کچھ نہیں ہوسکتی ثقافتی دن منانے سے معاشرے میں بھائی چارے کو فروغ ملتا ہے اور رواداری و ہم آہنگی کے رجحانات پروان چڑھتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بلاشبہ پاکستان کے ہر صوبے اور علاقے کی ثقافت ایک منفرد پہچان اور افادیت کی حامل ہے پاکستان کے ثقافتی ورثے کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لئے پاکستانی نوجوان قائدانہ کردار ادا کریں۔
سندھی ثقافت پاکستان کے گلدستے میں خوبصورت ترین پھول ہے،پاکستان پیپلزپارٹی بلو چستان

