اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) سائفر پر آڈیو لیکس و کابینہ کی سب کمیٹی کے فیصلے کے تناظر میں ایف آئی اے نے سابق سیکریٹری خارجہ سہیل محمود کو انکوائری کے لیے طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان کے پرنسپل سیکریٹری اعظم خان کو بھی دوبارہ طلبی کا نوٹس جاری کر دیا گیا، دونوں کو 28اکتوبر کو انکوائری ٹیم کے سامنے پیش ہونے کے لیے کہا گیا ہے،وزارت داخلہ کے احکامات پر ڈی جی ایف آئی اے نے رواں ماہ 5 اکتوبر کو سائفر و آڈیو لیکس کے حوالے سے تحقیقات کے لیے ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد زون رانا عبدالجبار کی سربراہی میں پانچ رکنی انکوائری ٹیم تشکیل دی تھی جس کے دیگر ممبران میں ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے سائبر کرائم اسلام آباد، ڈپٹی ڈائریکٹر کانٹر ٹیررازم ونگ، اسٹنٹ ڈائریکٹر آئی او اور ٹیم کے سربراہ کی طرف مقرر کردہ آفیسر ممبران میں شامل ہیں،اسی طرح انکوائری ٹیم میں 3 انٹیلی جینس ادروں سے گریڈ 19 کے ایک ایک آفیسر کو بھی شامل کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق طلبی کے لیے جاری نوٹس میں سہیل محمود کو 28 اکتوبر کو دن 12 بجے ایف آئی اے کاﺅنٹر ٹیررازم ونگ ہیڈ کواٹر میں انکوائری ٹیم کے سامنے پیش ہونے کا کہا گیا ہے۔ اسی طرح سابق سیکریٹری ٹو پرائم منسٹر محمد اعظم کو بھی 28اکتوبر کے لیے ہی دوبارہ طلبی کا دوسرا نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

