نوکنڈی (ڈیلی گرین گوادر) وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ ریکوڈک منصوبے پر کام کے آغاز سے بلوچستان میں ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی جس سے ہزاروں افراد کو روزگار کے مواقع ملیں گے اور منصوبے کے آس پاس کے علاقے ترقی کی راہ پر گامزن ہونگے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بیرک گولڈ کارپوریشن کی جانب سے ضلع چاغی کے مقامی عمائدین کے ساتھ منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔قبل ازیں وزیراعلی بلوچستان خصوصی طیارے میں کوئٹہ سے نوکنڈی بیرک گولڈ کارپوریشن کی منعقدہ تقریب میں شرکت کیلئے پہنچے،اس موقع پر انکے ہمراہ رکن صوبائی اسمبلی میر عارف جان محمد حسنی،چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی، سابق مشیر میر اعجاز خان سنجرانی سمیت دیگر آفیسرا ن بھی تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلو چستان میر عبد القدوس بزنجونے کہا کہ بلوچستان کے عوام کے عظیم مفادات اور بہتر ترقی و خوشحالی کیلئے اس عظیم منصوبہ پر بیرک گولڈ کارپوریشن کیساتھ معاہدہ کیا گیا ہے تاکہ ان وسائل کے ثمرات سے بلوچستان اور خصوصاً ضلع چاغی کے عوام کو فوائد مل سکیں۔انہوں نے معاہدے کے حوالے سے بتاتے ہوئے کہا کہ صوبائی اسمبلی کے ان کیمرہ سیشن اجلاس میں تمام پارٹیوں کے ایم پی ایز کو بریفنگ دی ہے اور ساتھ ہی ساتھ پارٹی سربراہوں سے خود ملاقات کرکے منصوبے کے بارے اعتماد میں لیا ہے کوئی چوری چھپے بیرک گولڈ کارپوریشن کے ساتھ معاہدہ نہیں ہوا ہے سب کچھ معزز اراکین اسمبلی اور پارٹی سربراہوں کو اعتماد میں لیکر کیا ہے اس منصوبے سے پچیس فیصد شیئرز بلوچستان حکومت کو ملے گے اور حکومت بلوچستان بغیر سرمایہ کا ری کے بیرک گولڈ کیساتھ شراکت دار ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پراجیکٹ کے ثمرات براہ راست عوام کو منتقل کرنے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائیگا پہلے مراحلے میں سات ہزار افراد کو روزگار ملے گے اور ساتھ ہی ساتھ ضلع چاغی اور بلخصوص نوکنڈی کے لوگوں کو تعلیم صحت،روزگار و دیگر شعبوں میں نمایاں ترقی کے مواقع ملیں گے۔انہوں نے کہا کہ ریکوڈک ایک عظیم منصوبہ ہے جوکہ چالیس سے سو سال تک جائیگا یہاں کے لوگ دنیا کے سب سے ترقی یافتہ لوگ ہونگے انکی ترقی و خوشحالی کیلئے وسیع پلان مرتب کرکے ان وسائل کو بروئے کار لایا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ بیرک گولڈ کارپوریشن کی جانب سے طلباء کو بہترین تعلیمی اداروں میں ٹیکنیکل تعلیم دینا بھی معاہدے میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ ریکوڈک پراجیکٹ کا کسی اور کمپنی کیساتھ موازنہ نہ کیا جائے یہاں پر انصاف کا بول بالا ہوگا کسی کیساتھ ناانصافی کو اپنے ساتھ ناانصافی سمجھوں گا۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ میر عبد القدوس بزنجو نے ضلع چاغی کے قبائلی معتبرین کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو اس منصوبے کو کامیابی کی جانب گامزن کرنے کیلئے اپنی توانائیاں بروئے کار لانا چاہیے کیونکہ یہ اللہ پاک کی جانب سے ایک عظیم تحفہ ہے اور اس منصوبے کے آغاز سے ضلع چاغی کا نقشہ بدل جائیگا۔انہوں نے کہا کہ ملازمتوں میں ضلع چاغی کے نوجوانوں کو ترجیح دی جائیگی کسی کیساتھ انصافی نہیں ہوگی عوامی خواہشات پر بلوچستان میں تمام لیویز چیک پوسٹوں کا خاتمہ کیا۔سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہاں کے بچوں کو ٹیکنیکل ایجوکیشن بھی دی جائیگی انہوں نے کہا کہ ریکوڈک منصوبے کا کسی اور پراجیکٹ کیساتھ موازنہ نہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ریکودک منصوبہ بلوچستان اور بلخصوص ضلع چاغی کی ترقی میں نیک شگون ثابت ہوگا۔تقریب میں ضلع چاغی کے دور دراز سمیت نوکنڈی کے معتبرین نے ایک بڑی تعداد میں شرکت کی تقریب سے سی ای او بیرک گولڈ کارپوریشن مسٹر مارک بریسٹو نے بھی خطاب کیا اپنے خطاب میں انہوں نے علاقہ عمائدین اور شرکاء کو منصوبے کے فوائد سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ علاقے کی ترقی کے لئے مقامی سطح پر کمیٹی تشکیل دیکر مقامی لوگوں کی رائے اور اعتماد کے ساتھ آگے بڑھا جائے گا انہوں نے کہا کہ ہم ریکوڈک منصوبے پر بہترین صلاحیتوں پر مشتمل نوجوان ٹیم لیکر آرہے ہیں فیزیبلٹی رپورٹ تیاری کے حتمی مراحل میں ہے انہوں کہا کہ ابتدائی مرحلے میں ورکرز کے لئے گھر بنا کر دینگے تاکہ وہ شام کے اوقات اپنے خاندان اور بچوں کے ساتھ گزاریں مقامی سطح پر ترقیاتی سرگرمیوں میں شراکت داری قائم کی جائے گی تاکہ یہاں کے بزنس مین بھی ہمارے ساتھ کام کریں ماحولیات کے تحفظ کو اولین ترجیح دینگے مواصلات توانائی پینے کے پانی کے منصوبے ترجیحی بنیادوں پر شروع کئے جائیں گے جنکا اولین فائدہ مقامی آبادی کو پہنچے گا بعد ازاں انہوں نے شرکاء کے سوالوں کے جواب بھی دئے اور عمائدین کے اعتماد پر انکا شکریہ ادا کیا۔
ریکوڈک منصوبے پرکام کے آغازسے بلوچستان میں ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی، وزیراعلی بلوچستان

ٹیگز:
وزیراعلی بلوچستان
