کراچی(ڈیلی گرین گوادر)صوبائی وزیر اطلاعات سندھ اور رہنما پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور حساس اداروں نے مشترکا آپریشن میں صدر کے ڈینٹل کلینک میں دہشت گردی کرنے والے مرکزی ملزم کو گرفتاری کرلیا ہے۔ ملزم کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔
سی ٹی ڈی حکام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات سندھ نے بتایا کہ صدر کراچی میں واقع ڈینٹل کلینک میں دہری شہریت کے حامل شخص کو قتل کیا گیا تھا جب کہ میاں بیوی زخمی ہوئے تھے۔شرجیل میمن نے بتایا کہ سی ٹی ڈی اور حساس اداروں نے سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزم کا تعلق سندھ ریولوشنری آرمی سے ہے، ملزم دہشت گرد اصغر خاصخیلی اور شفیق سے ملزم رابطے میں تھا۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار ملزم کا اصل نام احمد ہے۔ ملزم وقار خشک کو پکڑنے کیلئے سو سے زائد کیمروں کی فوٹیجز دیکھی گئیں۔ ملزم کے قبضے سے کارروائی میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل بھی ملی۔ان کا کہنا ہے کہ ان دونوں دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے کوششیں کی جا رہی ہے، پاکستان کو آسان ٹارگٹ سمجھ کر وارداتیں کرنے والوں کے لیے یہ گرفتاری بڑا پیغام ہے۔ ملزم سے تفتیش جاری ہے، مقتول ڈاکٹر سے ان لوگوں کی کوئی دشمنی نہیں تھی۔
دہشت گردوں اور ملک دشمنوں کو کھلا پیغام دیتے ہوئے پی پی پی رہنما نے کہا کہ صرف دہشت گردی پھیلانے کے لیے یہ حملہ کیا گیا تھا، جس کے ذریعے شہر میں خوف پھیلانا ان کا مقصد تھا، مگر دہشت گرد جان لیں کہ ہم ان کا حشر بگاڑ دیں گے اور نشان عبرت بنائیں گے۔ پاکستان کوئی سافٹ ٹارگٹ نہیں ہے۔ دہشت گرد دوسروں کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں۔ دہشت گردوں سے کہتا ہوں دوسروں کیلئے استعمال ہونا چھوڑ دیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ جو کام دہشت گرد کر رہے ہیں وہی عمران خان کر رہے ہیں۔

