تربت(ڈیلی گرین گوادر)یونیورسٹی آف تربت کے فیکلٹی آف آرٹس، سوشل سائنسزاینڈہیومنٹیزکے ڈین پروفیسرڈاکٹرعبدالصبورنے کہاہے کہ اساتذہ ہمارے معاشرے کے اہم ترین اور قابل احترام ستون ہیں اورایک مہذب اورباشعورمعاشرے کے قیام میں استاد کے کرداراورخدمات کو عالمی سطح پر تسلیم کیاگیاہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے شعبہ تعلیم جامعہ تربت کے طلبہ وطالبات کی جانب سے یونیورسٹی کے ملٹی پرپزہال میں اساتذہ کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹرعبدالصبورنے تقریب کے دوران طلبہ وطالبات کی تخلیقی پرفامنس اورٹیچرڈے کے حوالے سے پروقارپروگرام کے انعقاد میں ان کی کوششوں کو سراہا۔اس موقع پر اظہارخیال کرتے ہوئے شعبہ تعلیم کی چیئرپرسن رقیہ میروانی نے تربت یونیورسٹی میں ٹیچرڈے منانے پر طلبہ وطالبات اور فیکلٹی ممبران کا شکریہ اداکیا۔پروگرام کے دوران طلبہ وطالبات نے شاعری،گیتوں،تقاریر،ڈرامہ اور بلوچی دوچاپی سمیت دیگر تخلیقی پرفامنس کے زریعے اساتذہ کی عظمت اور خدمات کوخراج تحسین پیش کیا۔مقررین نے اپنی تقاریرکے زریعے قوموں کی تعمیروترقی میں اساتذہ کے بے مثال کردارکواجاگرکیا۔اس موقع پر” درس وتدریس بطور ایک مقدس پیشہ”کے عنوان پر ایک پینل ڈسکشن کا اہتمام بھی کیاگیا جس میں شرکاء نے تدریس جیسے مقدس پیشے کی اہمیت کواجاگرکیا۔شرکاءنے کلاس روم میں پڑھانے کے دوران موزوں ترین ٹیکنیک اپنانے کی ضرورت وافادیت پر دلائل پیش کئے۔انہوں نے ملک میں اساتذہ کو درپیش مسائل اور ان کے حل پربھی بات کی۔اس موقع پر شعبہ تعلیم کے طلبہ وطالبات نے بک اور فوڈاسٹال سمیت مختلف اسٹالز لگائے۔پروگرام میں فیکلٹی ممبران کے علاوہ طلبہ وطالبات نے کثیرتعدادمیں شرکت کی۔
اساتذہ ہمارے معاشرے کے اہم ترین اور قابل احترام ستون ہیں،پروفیسرڈاکٹرعبدالصبور

ٹیگز:
پروفیسرڈاکٹرعبدالصبور
