کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)قائم مقام گورنر بلوچستان میر جان محمد جمالی نے کہا ہے کہ قدرتی آفات کو روکنا انسان کے بس میں نہیں ہے بارشوں سے صوبے کے 31اضلاع میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد عوام حکومت کی جانب دیکھ رہے ہیں حکومتی ادارے صوبے میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔یہ بات انہوں نے ہفتہ کو کوئٹہ میں پی ڈی ایم اے کے دفتر کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ قائم مقام گورنر کو پی ڈی ایم اے کے دفتر میں صوبے میں سیلاب کی صورتحال، ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن پر بریفنگ دی گئی گورنر نے سیلاب سے بچاؤ کے لئے انتظامات کا جائزہ لیا جبکہ انہوں نے پی ڈی ایم اے کے کنٹرول روم کا دورہ اور معائنہ بھی کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قائم مقام گورنر بلوچستان میر جان محمد جمالی نے کہا کہ صوبے میں 30سال کی ریکارڈ بارشوں کے بعد اس وقت 31اضلاع میں سیلابی صورتحال پیدا ہونا تشویشناک ہے ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات بلوچستان پر مرتب ہورہے ہیں اس صورتحال سے نمٹنے کے لئے انتھک محنت اور کاوشوں کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بڑے پیمانے پر جانی اور مالی نقصانات پر افسوس ہے قدرتی آفات کو روکنا انسان کے بس میں نہیں ہے البتہ حکومتی اداروں کا یہ کام ہے کہ وہ عوام کو سہولیات مہیا کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں۔میر جان محمد جمالی نے کہا کہ پی ڈی ایم اے نے محدود وسائل میں رہتے ہوئے سیلا ب کے دوران ریلیف اور ریسکیو کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے لیکن اب بھی صوبے میں بہت کام کرنے کی ضرورت ہے پی ڈی ایم اے سیلاب کے دوران عوام کو ریلیف اور امداد فراہم کر نے کے لئے کاوشوں کو مزید تیز بنائے اور ہنگامی طور پر امدادی سامان کی دستیابی اور عوام کو فراہمی کو یقینی بنائے انہوں نے کہا کہ جو علاقے اب تک امداد سے محروم ہیں انہیں امداد پہنچانے کے لئے ہرممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں
قدرتی آفات کو روکنا انسان کے بس میں نہیں ہے،میر جان محمد جمالی

ٹیگز:
میر جان محمد جمالی
