کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ مرحوم ڈاکٹر عبدالمالک کاسی نے لوگو ں کی جس طرح خدمت کی ہے وہ قابل تحسین اقدام ہے صاحب ثروت اور مخیر حضرات کو بھی ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپنے لوگوں کی دل کھول کر مدد کرنی چاہئے حکومت اپنے دستیاب وسائل کے توسط سے لوگوں کو خطرناک بیماریوں کے علاج معالجے انڈومنٹ فنڈ کے ذریعے سہولیات مہیا کررہی ہے۔ مجھے امید ہے کہ ان کے صاحبزادے بھی اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ان کے مشن کو جاری رکھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرحوم ڈاکٹر عبدالمالک کی برسی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کے کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزراء ہزارہ ڈیمو کریٹک پارٹی کے چیئرمین عبدالخالق ہزارہ، سابق وزیرداخلہ و مرحوم کی صاحبزادے عنایت کاسی ایڈووکیٹ،عبید خان کاسی،رکن صوبائی اسمبلی ثناء بلوچ،پی ٹی آئی بلوچستان کے صدر و سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری،قبائلی و سیاسی رہنماء ملک امان اللہ خان کاکڑ، قبائلی رہنماء شکور خان غیبزئی، سابق صوبائی وزیر بلو چستان عوامی پارٹی کے رہنماء میر عبدالکریم نوشیروانی، رکن صوبائی اسمبلی اصغر خان ترین، رکن صوبائی اسمبلی سردار سرفراز خان ڈومکی، شیخ جعفر خان مندوخیل، سردار خان رند،ملک ہاشم کاکڑ،ڈاکٹر عنایت،سردار نسیم ترین،جمعیت نظریاتی کے مولانا عبدالقادر لونی،ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان آصف ریکی،عطاء اللہ ایڈؤوکیٹ،سمندر خان کاسی ایڈووکیٹ،عصمت اچکزئی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ میر عبدالقدوس بزنجو کا کہنا تھا کہ موت برحق ہے۔ ہر انسان نے اس کا مزہ چکھنا ہے ڈاکٹر عبدالمالک کاسی نے اپنی زندگی میں لوگوں اور بلوچستان میں بسنے والوں کے لئے جو خدمات سر انجام دی ہے وہ کسی سے ڈھکی چھپی نہیں مرحوم نے جو بھی کام کئے وہ قابل تحسین ہے جس طرح عوام کو سہولت کی فراہمی کے لئے ہسپتال میں اپنی مدد آپ کے تحت ایک وارڈ تعمیر کروایا جہاں پر لوگ آج بھی علاج کی سہولت سے مستفید ہورہے ہیں۔ ان کا نام اپنی خدمات کے توسط سے آج بھی زندہ ہے یہی وجہ ہے کہ ان کی برسی پر جس طرح لوگ آرہے ہیں یہی لوگوں کی ان کے ساتھ محبت کا واضح ثبوت ہے۔ اگر بلوچستان کے صاحب ثروت اور مخیر حضرات بھی ڈاکٹر عبدالمالک کاسی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے صوبے میں تعلیم اور صحت کے شعبے کی بہتری سمیت اپنے لوگوں کو سہولیات کی فراہمی میں آگے بڑھ کر خدمات سر انجام دیں تو بہت سے معاملات بہتر ہوں گے۔ مجھے امید ہے کہ ان کے صاحبزادے عنایت کاسی ایڈووکیٹ اپنے والد مرحوم کے مشن کو جاری رکھتے ہوئے ان کی خدمات کا بیڑا اٹھاتے ہوئے لوگوں کی مدد کریں گے۔ ہمیں دوسروں کی مشکلات اور تکالیف کا خیال رکھتے ہوئے ازالہ کرنا چاہئے حکومت نے بلوچستان کے لوگوں کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ خطرناک بیماریوں جس میں کینسر، ہیپاٹائٹس، دل کے امراض اور دیگر بیماریوں کے علاج کے لئے 2017ء میں انڈومنٹ فنڈ قائم کرکے لوگوں کو علاج کی سہولیات فراہم کررہے ہیں۔ دنیا بھر میں ہمارے نوجوان سکالر شپ پر اعلیٰ تعلیم حاصل کررہے ہیں حکومت اپنے دستیاب وسائل کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے عوام کی خدمت کے لئے کوشاں ہے۔ مرحوم ڈاکٹر عبدالمالک کاسی نے بحیثیت سوشل ورکر سماجی کاموں کے علاوہ وفاقی وزیر کے منصب پر رہتے ہوئے بھی بلوچستان کے لوگوں کی خدمت کی ہے۔ہماری بھی کوشش ہے کہ ہم لوگوں کو تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں میں سہولیات فراہم کریں اس کے لئے مخیر حضرات کو بھی آگے آنا چاہئے تاکہ وہ حکومت کا ہاتھ بٹاتے ہوئے لوگوں کی مدد میں ساتھ دیں۔
مرحوم ڈاکٹرعبدالمالک کاسی نے لوگو ں کی جس طرح خدمت کی ہے وہ قابل تحسین اقدام ہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان

ٹیگز:
وزیر اعلیٰ بلوچستان
