کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان میں مون سون کی طوفانی بارشوں کی تباہ کاریاں جاری مزید 10افراد جاں بحق اب تک ہلاک ہونے والوں کی تعداد 56 جبکہ زخمیوں کی تعداد48 ہوگئی موسلادھار بارش کے باعث خضدار،قلات، لسبیلہ، نصیر آباد،گوادر،پنجگور،تربت،آواران، بارکھان،بولان اور کوہلو کے مقامی ندی نالیوں میں طغیانی کا خدشہ۔تفصیلات کے مطابق جمعرات کو کوئٹہ، خضدار،قلات، لسبیلہ،پنجگور، آواران، خاران، ژوب، بارکھان، کوہلو، نصیر آباد،اور ماڑہ، کیچ اورگوادر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری رہا، اس دوران خضدار میں 36،پنجگور میں 33، پسنی میں 31، اوڑمارہ میں 16، بارکھان، گوادر میں 13ژوب میں 12، کوئٹہ (سٹی 10،سمنگلی 01)، جیوانی میں 09، قلات، سبی میں 05، تربت میں 04،دالبندین میں 03، لسبیلہ میں 02ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق موسلادھار بارش کے باعث خضدار،قلات، لسبیلہ، نصیر آباد،گوادر،پنجگور،تربت،آواران، بارکھان،بولان اور کوہلو کے مقامی ندی نالیوں میں طغیانی کا خدشہ ہے جمعرات کو صوبے میں ہونے والی بارشوں نے ایک بار پھر سے تباہی مچا دی ضلع پشین میں ڈب کراس کے مقام پر پل پانی میں بہہ گیا، کان مہترزئی میں زیر تعمیر دارا جلا ل خان زئی ڈیم ٹوٹ گیا، ظریف کاریز میں بھی نقصانات ہوئے، کلی ملکیار شخالزئی اور کمال زئی میں بھی بارش کے باعث سیلابی ریلے سے نقصانات کی اطلاعات موصول ہوئیں جس کے بعد آبادی کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا، مسلم طاغ میں اختر نیکا ڈیم ٹوٹ گیا جس کے بعد آبادی کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا اسی طرح چاغی سے نوشکی جانے والی مسافر بس نوشکی میں پانی میں پھنس گئی جس کے بعد مسافروں کو بحفاظت نکال لیا گیا، ضلع خضدار میں کوشک نالے کا پانی قبرستان میں داخل ہوگیا، کٹھان میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا،محکمہ پی ڈی ایم اے کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق جمعرات کو صوبے میں بارشوں سے 10اموات ہوئی ہیں جن میں سے 6پشین جبکہ 4پنجگور میں ہوئیں،ہلاک ہونے والوں میں 8بچے اور 2خواتین شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق صوبے میں حالیہ مون سون بارشوں کے دوران اموات کی تعداد 56جبکہ زخمیوں کی تعداد 48ہوگئی ہے، رپورٹ کے مطابق صوبے میں 670مکانات، 5 پلوں اور 1کلو میٹر سڑک کو نقصان پہنچا ہے جبکہ اب تک 436مویشی بھی ہلاک ہوچکے ہیں۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آج جمعہ کو صوبے کے بیشتراضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے جبکہ خضدار،قلات، لسبیلہ،پنجگور، آواران، ژوب، بارکھان، کوہلو، نصیر آباد اورگوادر میں تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
بلوچستان طوفانی بارشوں کی تباہ کاریاں جاری مزید 10افراد جاں بحق ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ

ٹیگز:
طغیانی کا خدشہ
