اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) وزیراعظم شہبازشریف سے نیشنل پارٹی کے وفد نے بدھ کو وزیراعظم سیکرٹریٹ میں ملاقات کی۔ سابق وزیراعلیٰ بلوچستان اور این پی کے سربراہ ڈاکٹر مالک بلوچ نے وفد کی قیادت کی۔اس موقع پر سینیٹر میر طاہر بزنجو، سینیٹر اکرم دشتی، کبیر محمد شاہی اور دیگر بھی موجود تھے۔ وفد نے وزیراعظم سے بلوچستان سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔
پارٹی کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ NP کے وفد نے کراچی میں بلوچ لاپتہ افراد کے لواحقین کے خلاف پولیس فورس کے استعمال پر اپنی شدید تشویش سے آگاہ کیا۔ بیان کے اختتام پر وزیراعظم نے بلوچ لاپتہ افراد کے اہل خانہ اور سیاسی کارکنوں کی شکایات کو دور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

