اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) قومی اسمبلی کا اجلاس 3 اپریل تک ملتوی کر دیا گیا۔ تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ 3 اپریل کو ہو گی۔ اپوزیشن کے 172 ارکان ایوان میں موجود تھے۔قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی زیر صدارت شروع ہوا۔ اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران اپوزیشن اراکین نے ووٹنگ کب کرانے کا ہی سوال کیا اور کوئی دوسرا سوال کرنے سے انکار کر دیا۔
ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ اراکین سوالات کرنے میں دلچسپی نہیں لے رہے جس کے بعد انہوں نے اجلاس کی کارروائی 3 اپریل بروز اتوار تک ملتوی کر دی۔تین روز کے وقفے کے بعد ہونے والے اجلاس میں آج وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد پر بحث کا آغاز ہونا تھا۔آئین کے مطابق تحریک عدم اعتماد پیش ہونے کے بعد 7 دن میں ووٹنگ کرانا لازمی ہے اور اتوار کو ووٹنگ کرانے کا آخری روز ہے۔
واضح رہے کہ متحدہ اپوزیشن کی جانب سےجمع کروائی گئی تحریک عدم اعتماد میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان ایوان کا اعتماد کھو چکے ہیں ۔ اس لیے اب وہ وزرات عظمیٰ پر فائز نہیں رہ سکتے۔حکومت کی اتحادی جماعت ایم کیو ایم کے ساتھ چھوڑنے کے بعد قومی اسمبلی میں وزیر اعظم اکثریت کھو چکے ہیں۔ نمبر گیم کے مطابق قومی اسمبلی میں اب حکومتی ارکان کی تعداد 142 رہ گئی ہے۔ ان میں پی ٹی آئی کے 133، ق لیگ کے 4، جی ڈی اے کے 3، بی اے پی کا 1 اور عوامی مسلم لیگ کا 1 رکن شامل ہے۔

