اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے پیکا آرڈیننس کے خلاف پی بی اے اور دیگر صحافتی تنظیموں کی درخواستوں پر تمام فریقین کو پیر کے روز تک دلائل مکمل کرنے کا حکم دے دیا، ایڈیشنل اٹارنی جنرل کا کہنا ہے کہ ہوسکتا ہے کہ حکومت پیکا ترمیمی آرڈیننس واپس لے لے۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے پیکا ایکٹ میں آرڈیننس کے ذریعے ترامیم کے خلاف درخواستوں پر سماعت کی۔ دوران سماعت ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے دلائل دیئے کہ آرڈیننس جاری کرنے سے متعلق مختلف پہلو دیکھنے ہیں، آرٹیکل 89 کے تحت آرڈیننس جاری کرنے کا اختیار کس حد تک ہے؟ مصطفی ایمپکس کیس میں بھی سپریم کورٹ قرار دے چکی کہ آرڈیننس ایگزیکٹو کا اختیار ہے۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ آرڈیننس جاری کرکے پارلیمنٹ کے سامنے نہ رکھنا تو ایگزیکٹو کا اختیار نہیں، اس طرح تو ایگزیکٹو کی بدنیتی لگتی ہے۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ پارلیمنٹ کے سامنے پیش کرنے کی ایک ٹائم لائن ہے۔ اس دوران ہی رکھا جانا ہے جب تک رولز موجود ہیں تو ایگزیکٹو نے انہی کو اختیار کرنا ہے۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کا کہنا تھا کہ آرڈیننس ایگزیکٹو نے قومی اسمبلی اور سینیٹ کے ساتھ پیش کرنا ہوتا ہے، ایسا نہیں ہو سکتا کہ جہاں اکثریت ہو صرف وہاں پیش کردیں۔ حکومت نے بتانا ہے کہ ایگزیکٹیو اگر اپنی آئینی ذمہ داری پوری نہیں کرتا تو اس کے بھی اثرات ہیں۔ آپ نے بتانا ہے کہ اس آرڈیننس کو کب اور کس ہاؤس کے سامنے پیش کیا گیا ؟ سینیٹ چیئرمین کی رولنگ ہے جب بھی آرڈینس جاری ہو گا، پارلیمنٹ اور سینیٹ کے سامنے پیش کیا جائے گا، اگر ایگزیکٹو جان بوجھ کر آرڈیننس دونوں ہاؤسز کے سامنے نہیں رکھتا تو اس کے کیا اثرات ہوں گے؟ ایگزیکٹو کے پاس کوئی اتھارٹی نہیں کہ آئین کی خلاف ورزی کرے۔
پیکا آرڈیننس کیخلاف درخواستوں پر فریقین کو پیر کے روز تک دلائل مکمل کرنے کا حکم

ٹیگز:
پیکا آرڈیننس
