لاہور(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے مہنگائی مکاؤ لانگ مارچ کے شیڈول میں تبدیلی کردی، جس کے بعد اب مارچ کا آغاز 26 مارچ سے ہوگا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی زیرصدارت لانگ مارچ مینجمنٹ کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں تھریٹ الرٹ اور مارچ کی حتمی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اونگزیب نے کہا کہ لانگ مارچ کے شیڈول میں معمولی ردوبدل کر کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی، جس کے بعد اب لانگ مارچ 24 کی بجائے 26 مارچ کو لاہور سے روانہ ہو گا۔ترجمان نے بتایا کہ 26 مارچ کو لانگ مارچ کے آغاز کا فیصلہ25 مارچ کو قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے پر کیا گیا، لاہور سے مہنگائی مکاؤ مارچ کی قیادت مریم نواز اور حمزہ شہباز شریف شہباز کریں گے اور قافلہ 27 مارچ کی بجائے 28 مارچ کو راولپنڈی پہنچے گا۔
مسلم لیگ (ن) کی ترجمان نے بتایا کہ شہبازشریف کو لانگ مارچ مینجمنٹ کمیٹی کو عہدیداروں کی تیاریوں اور انتظامات سے متعلق بریفنگ دی جس پر مسلم لیگ کے صدر نے تمام تنظیموں کو بہترین اشتراک کا عمل یقینی بنانے کی ہدایت کی۔شہباز شریف نے شرکا سے گفتگو میں کہا کہا مہنگائی مکاؤ مارچ عوام کی خواہشات کی تکمیل کا باعث بنے گا، معاشی تباہی، بدترین مہنگائی، بے روزگای عوام کے گھر اور کاروبار اجاڑ چکی ہے، لانگ مارچ مہنگائی، نالائقی اور کرپشن کے ستائے عوام کے حکومت پر عدم اعتماد کا فیصلہ کن اقدام ہے۔
مسلم لیگ ن کی ترجمان نے بتایا کہ اجلاس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، سیکرٹری جنرل احسن اقبال، پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ، سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق، سردار اویس لغاری، مریم اورنگزیب، عطاءاللہ تارڑ، طارق فضل چوہدری، ملک ابرار، انجم عقیل سمیت دیگر رہنما بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔دوسری جانب کراچی سے مسلم لیگ ن نے لانگ مارچ کا آغاز کردیا اور شرکا اسلام آباد کے لیے روانہ ہوگئے ہیں۔

