کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)صوبائی محتسب نذر محمد بلوچ نے کہا ہے کہ ہنر مند افراد کسی بھی قوم کا سرمایہ ہوتے ہیں۔ بلاشبہ تعلیم انسان کو شعور اور زندگی کے آدب سکھا کر معاشرے کا قابل فخر حصہ بناتی ہے مگر انسان جب تک اس تعلیم اور شعور کو بروئے کار لاکر اپنے اندر کوئی فن یا ہنر پیدا نہیں کرتا تب تک وہ اپنا انفرادی، عائلی، سماجی اور قومی فرض صحیح سے ادا کرنے کے قابل نہیں ہوسکتا۔ یہ باتیں انہوں نے گزشتہ روز ٹیکنیکل ٹریننگ سنٹر سرکی روڈ کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہیں اس موقع پر سابق صوبائی وزیر اور انسٹی ٹیوٹ مینجمنٹ کمیٹی کی چیئرپرسن روشن خورشید بروچہ‘ ڈائریکٹر محتسب سعید شاہوانی ڈپٹی ڈائریکٹر حفیظ آغا اور پرنسپل ٹی ٹی سی کوئٹہ شعیب انور شیرازی بھی موجود تھے صوبائی محتسب کا کہنا تھا کہ فنی تعلیم عصر حاضر میں کامیابی کی وہ کنجی ہے جو ایک قوم کا مستقبل اور حیثیت یکسر بدل سکتی ہے۔ تکنیکی تعلیم اور پیشہ وارانہ تربیت انسان کے اندر چھپی ہوئی صلاحیتوں کو ابھار کر اسے معاشی طور پر ایک خود مختار اور مستحکم فرد بنادیتی ہے جو اپنے لیے روزگار حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ ملک اور قوم کی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ آج دنیا کو درپیش بڑے چیلنجز میں سے ایک بے روزگاری ہے۔ ترقی پذیر اور پسماندہ ممالک کے افراد اس کا خاص طور پر شکار ہورہے ہیں جس کی ایک بڑی وجہ پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور فنی تربیت کی کمی ہے۔ یہ دور ٹیکنالوجی کا دور ہے اور اس وقت وہی افراد اور اقوام کامیاب ہیں جنہوں نے بروقت ان جدید تقاضوں سے خود کو آراستہ کرلیا اور وقت کی رفتار کے ساتھ ا?گے بڑھتے رہے۔ انہوں نے ٹی ٹی سی میں تربیتی عمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ پرنسپل شعیب انور شیرازی اور دیگر عملہ خراج تحسین کا مستحق ہے جنہوں نے مختصر عرصے میں سنٹر کو ملکی سطح پر اہم پوزیشن دلائی انہوں نے امید ظاہر کی کہ ٹی ٹی سی آئندہ بھی صوبے میں فنی تعلیم کے فروغ میں بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا انہوں نے اپنی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ جس ملک کے جتنے زیادہ افراد پیشہ وارانہ ہنر مندی کے حامل ہیں وہ ملک معاشی طور پر اتنا ہی زیادہ مستحکم اور مضبوط ہوتا ہے پرنسپل ٹی ٹی سی شعیب انور شیرازی نے بتایا کہ انہیں چارج سنبھالے ہوئے 2سال کا عرصہ ہو چکا ہے انہوں نے ٹیم ورک کے تحت پہلے سنٹر کی کارکردگی میں بہتری لائی اب جدید دور کے تقاضوں کے مطابق مختلف ٹریڈ میں تربیت فراہم کی جا رہی ہے جبکہ انسٹی ٹیوٹ منیجمنٹ کمیٹی کے دریعے تربیت یافتہ لوگوں کو مارکیٹ میں روز گار کے مواقع تلاش کرنے میں مدد بھی دی جا رہی ہے۔
ہنر مند افراد کسی بھی قوم کا سرمایہ ہوتے ہیں،صوبائی محتسب نذر محمد بلوچ

ٹیگز:
نذر محمد بلوچ
