مورو (ڈیلی گرین گوادر)پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ لانگ مارچ شروع ہوتے ہی پیٹرول کی قیمت کم ہوگئی لیکن پیٹرول پر پیسے کم کرنا عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش ہے۔مورو میں لانگ مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پیٹرول پر 12روپے بڑھا کر 10روپے کم کر دیے اور بجلی پر 6روپے بڑھا کر 5روپے کم کر دیے، لیکن اب آپ کا تماشہ نہیں چلے گا بلکہ ہمارا تیر چلے گا۔ معیشت آپ کی ڈرامے بازی سے نہیں چلے گی۔
انہوں نے کہا کہ پیٹرول اور بجلی مہنگی ہے جبکہ آٹا اور چینی بحران ہے لیکن آپ نے گھبرانا نہیں ہے۔ صوبوں میں پانی میں تقسیم میں ناانصافی کی گئی، حکومت خود بحران پیدا کرتی ہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان کی حکومت میں روٹی، کپڑا اور مکان چھینا جا رہا ہے، عوام جان چکے ہیں یہ تبدیلی کے نام پر تباہی ہے۔ نیا پاکستان کا اصل چہرا غربت اور مہنگائی ہے، یہ نیا پاکستان نہیں مہنگا پاکستان ہے۔انہوں نے کہا کہ ہاری کسانوں کو بلیک مارکیٹ سے کھاد خریدنے پر مجبور کیا گیا، خان صاحب نے پانی کھاد اور زراعت کے پورے شعبے پر ڈاکا مارا ہے لیکن وقت آگیا ہے اب ہم ان سے حساب لیں۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ یہاں مزدور محنت کر رہے ہیں مگر انکو صلہ نہیں مل رہا، کسانوں کو فصل کی قیمت نہیں مل رہی اور زرعی ملک میں کسان بھوکے پیٹ سو رہے ہیں۔ ملک کا مستقبل نوجوان بہت مشکل میں ہے، ڈگریاں ہاتھ میں لیکر دھکے کھا رہے ہیں لیکن روزگار نہیں مل رہا، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملک کے غریب عوام کی خدمت کی۔چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ اقتدار پر بیٹھا شخص کرسی بچانے میں مصروف ہے، کبھی میڈیا پر پابندی، کبھی عدالت پر حملہ اور کبھی سیاسی مخالف کو جیل بھیجا، وزیراعظم کو تنقید برداشت نہیں۔ میڈیا کو کنٹرول کرنے کے باوجود آپ اب بھی رو رہے ہیں، عمران خان پروپیگنڈا کے بادشاہ ہیں۔

