لاہور(ڈیلی گرین گوادر) نیب نے اسحاق ڈار کا بیش قیمتی بنگلہ فوری طور پر فروخت کرنے کیلئے ڈی سی لاہور کو مراسلہ جاری کردیا۔ نیب لاہور نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا گلبرگ میں واقع بیش قیمت بنگلہ فوری طور پر فروخت کرنے کیلئے ڈی سی لاہور کو مراسلہ جاری کردیا ہے، گلبرگ میں 4 کنال اراضی پر موجود بنگلہ کی کل مالیت 250 ملین تک شمار کی جارہی ہے، نیب لاہور کیجانب سے بنگلہ کی فروخت کیلئے ڈی سی لاہور کو سرکاری سطح پر ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
نیب کا کہنا ہے کہ آمدن سے زائد اثاثہ جات کے کیس میں نیب لاہور کی ملزم اسحاق ڈار کے خلاف یہ دوسری بڑی ریکوری ہوگی، اس سے قبل نیب لاہور اسحاق ڈار کے اکاؤنٹ سے 50 کروڑ روپے ریکور کروا کر قومی خزانہ میں جمع کرا چکا ہے۔واضح رہے کہ لاہور کی احتساب عدالت نے سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کو کرپشن ریفرنس میں عدم پیروی پر دسمبر 2017 میں مفرور ملزم قرار دیا تھا، عدالت نے نیب ریفرنس میں ظاہر کی گئی ملزم کی تمام جائیدادیں بحق سرکار ضبط کرنے کے احکامات بھی جاری کئے تھے، اسحاق ڈار کی اہلیہ کی جانب سے 2020 میں اسلام آباد ہائی کورٹ کو گلبرگ بنگلہ کی فروخت کے خلاف رٹ دائر کردی گئی تھی، تاہم اب اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے گزشتہ ماہ مذکورہ رٹ نمبر 236/2020 کی تنسیخ کے بعد نیب کی اہم پیش رفت منظر عام پر آئی ہے۔

