کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالا یوسف خلجی نے کہا ہے کہ بلوچستان کی ترقی و خوشحالی اور نفرتوں کے خاتمے کیلئے تمام اقوام سے تعلق رکھنے والے افراد کو ایک پلیٹ فارم پرمتحد ہوکر جدوجہد کرنا ہوگی،نوجوان ملک میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں نوجوان اپنی توجہ تعلیم پر مرکوز رکھیں کیونکہ کل انہوں نے ہی بڑے ہوکر ملک کی باگ ڈور سنبھالنی ہے۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کوبلوچستان امن جرگے کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات کرنے والے ایک وفد سے با ت چیت کرتے ہوئے کہی۔ لالا یوسف خلجی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام آج اکیسویں صدی میں بھی تعلیم،صحت،پینے کے صاف پانی سمیت دیگر بنیادی سہولیات سے محروم ہیں جس کی بنیادی وجہ بلوچستان میں بسنے والی اقوام کا ایک پلیٹ فارم پر متحد نہ ہونا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے وسائل کو قوم اور مذہب پرستوں نے ہمیشہ لوٹا ہے اور الزام پنجاب پر لگاتے رہے ہیں اب وقت آگیا ہے کہ پشتون،بلوچ،پنجابی،سندھی،سرائیکی،ہزارہ اوردیگر اقوام سے تعلق رکھنے والے افراد ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوکر بلوچستان کے حقوق کے حصول کیلئے جہدوجہدکریں۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے عام انتخابات میں عوام بلا رنگ و نسل ایسے افراد کا انتخاب عمل میں لائیں جو ایوانوں میں جاکر اپنے مفادات حاصل کرنے کی بجائے صحیح معنوں میں عوام کے حقوق کی جدوجہد کریں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان کسی بھی ملک میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں نوجوانوں کو چاہئے کہ وہ اپنی تمام تر توجہ تعلیم کے حصول پر مرکوز رکھیں کیونکہ کل انہی نوجوانوں نے پڑھ لکھ کر ملک کی باگ ڈور سنبھالنی ہے۔
نوجوانوں کو چاہئے کہ وہ اپنی تمام ترتوجہ تعلیم کے حصول پر مرکوزرکھیں، لالا یوسف خلجی

ٹیگز:
، لالا یوسف خلجی
