گوادر(ڈیلی گرین گوادر) جامعہ گوادر کے گوشۂ اقبال کے زیرِ اہتمام شاعرِ مشرق، حکیم الامت علامہ محمد اقبال کے 150ویں جشنِ ولادت کی تقریبات کے سلسلے میں ایک پروقار علمی و ادبی تقریب جامعہ کے سیمینار ہال میں منعقد ہوئی، جس کی صدارت پرو وائس چانسلر جامعہ گوادر، پروفیسر ڈاکٹر سید منظور احمد نے کی۔ تقریب میں جامعہ کے سینئر اساتذہ، فیکلٹی ممبران اور دیگر شرکا نے شرکت کی. تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدرِ مجلس پروفیسر ڈاکٹر سید منظور احمد نے کہا کہ علامہ اقبال کی فکر و فلسفہ محض شاعری تک محدود نہیں بلکہ یہ ایک ہمہ گیر فکری و عملی تحریک ہے، جو انسان کو خود شناسی، خود اعتمادی، بلند کردار اور مقصدِ حیات کا شعور عطا کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقبال کا پیغام بالخصوص نوجوان نسل کے لیے رہنمائی کا مؤثر ذریعہ ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ ان کے افکار کو تعلیمی اداروں میں فروغ دیا جائے تاکہ نئی نسل ان کی تعلیمات سے حقیقی معنوں میں استفادہ کر سکے۔ معروف محقق اور کنٹرولر امتحانات پروفیسر ڈاکٹر رحیم بخش مہر نے اپنے خطاب میں علامہ اقبال کی علمی، فکری اور ادبی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اقبال نے اپنی شاعری اور فکر کے ذریعے مسلمانوں میں بیداری، خودی اور اجتماعی شعور کو اجاگر کیا۔ انہوں نے ’’علامہ اقبال اور بلوچی زبان و ادب‘‘ کے موضوع پر بھی اظہارِ خیال کیا اور اس حوالے سے ایک مفید علمی و ادبی بحث پیش کی۔ ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز، پروفیسر ڈاکٹر جان محمد نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال کا فلسفۂ خودی انسان کو اپنی پوشیدہ صلاحیتوں کی پہچان، خود اعتمادی اور مسلسل جدوجہد کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اقبال کے افکار کو محض تقریبات اور ادبی نشستوں تک محدود رکھنے کے بجائے عملی زندگی، تعلیمی سرگرمیوں اور نوجوانوں کی کردار سازی کا حصہ بنایا جانا چاہیے۔ دیگر مقررین نے بھی علامہ اقبال کی شاعری، فلسفۂ خودی، تصورِ شاہین، فکرِ ملت اور نوجوان نسل کے لیے ان کے پیغام پر اظہارِ خیال کیا۔ مقررین نے اس امر پر اتفاق کیا کہ اقبال کی تعلیمات عصرِ حاضر کے فکری، سماجی اور اخلاقی چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لیے آج بھی غیر معمولی اہمیت رکھتی ہیں۔ تقریب کے دوران طلبہ نے بھی بھرپور حصہ لیا اور علامہ اقبال کا منتخب کلام پیش کیا۔ اس کے علاوہ جامعہ کے فیکلٹی ممبر اور نوجوان شاعر سمین زیب نے ’’اقبال اور ان کا علمِ کلام‘‘ کے موضوع پر اپنا مضمون پیش کیا۔ طلبہ کی جانب سے اقبال کے اشعار کی خوبصورت انداز میں پیشکش نے تقریب کو مزید پُراثر بنایا اور شرکا کو شاعرِ مشرق کے افکار و پیغام سے روشناس کرایا۔

