کوئٹہ)ڈیلی گرین گوادر)بدعنوانی کے خلاف جاری آگاہی مہم کے سلسلے میں، نیب بلوچستان نے منگل کو گورنمنٹ بوائز ہائر سیکنڈری سکول، سٹاف کالج روڈ کوئٹہ کینٹ میں ”نیب کے کام کا طریقہ کار اور بدعنوانی کے خاتمے میں طلباء کے کردار” کے عنوان سے ایک سیمینار کا انعقاد کیا۔ سیمینار کا بنیادی مقصد نوجوانوں بالخصوص طلباء کو بدعنوانی کے مضر اثرات سے آگاہ کرنا اور بدعنوانی سے پاک معاشرے کی تعمیر کے لیے اجتماعی کوششوں کو فروغ دینا تھا۔ نیب بلوچستان کے افسران کے ایک وفد نے ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب بلوچستان احتشام الحق کی قیادت میں طلباء اور فیکلٹی کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے نیب کے وژن، مشن اور بدعنوانی کی لعنت کے خاتمے میں طلباء کے اہم کردار پر تبادلہ خیال کیا۔ڈپٹی ڈائریکٹر نیب خرم شہزاد نے طلباء سے خطاب کے دوران اس بات پر زور دیا کہ نوجوان طلباء معاشرے میں تبدیلی کے لیے اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔ انہوں نے طلباء کو تلقین کی کہ وہ اپنی زندگیوں میں دیانتداری اور احتساب کو بنیاد بنائیں اور بدعنوانی سے نفرت کو اپنی شخصیت کا حصہ بنائیں۔اسلامی تعلیمات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خود احتسابی اور دیانت داری اسلام کے بنیادی اصول ہیں، اور بدعنوانی کی کسی قسم کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ اقربا پروری، رشوت، سفارش، زور زبردستی اور جانبداری کو کرپشن کی اقسام کے طور پر گرداناگیا اور اس بات پر افسوس کا اظہار کیا گیا کہ یہ رویے ہمارے معاشرے میں معمول بن چکے ہیں۔ اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ طلباء بدعنوانی کے خلاف شعور حاصل کر یں تا کہ ایمانداری، دیانتداری اور جوابدہی کے درس کومزید فروغ دیا جا سکے۔ معاشرے کے اہم ارکان کے طور پر طلباء کی اجتماعی کوششیں بدعنوانی سے پاک معاشرے کی بنیاد رکھنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب نے طلباء کی جانب سے کرپشن سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے۔یڈیشنل ڈائریکٹر سکولز فاطمہ منور اور سکول کے ہیڈ ماسٹرمحمد فیروز نے نیب بلوچستان کی کاوشوں کو سراہا اور آئندہ بھی انسداد بدعنوانی کی مہم میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ سیمینار کا اختتام پر نیب کی جانب سے پرنسپل کو یادگاری شیلڈ دی گئی۔ بعدازاں سکول میں ایک آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا جس میں نیب افسران، سکول کے اساتذہ، اور طلباء نے شرکت کی۔
قومی احتساب بیورو بلوچستان کا گورنمنٹ بوائز ہائر سیکنڈری سکول، سٹاف کالج روڈ، کوئٹہ کینٹ میں ”نیب کے کام کا طریقہ کار اور بدعنوانی کے خاتمے میں طلباء کے کردار” کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد

ٹیگز:
قومی احتساب بیورو
