تربت (ڈیلی گرین گوادر) ہیلپنگ ہینڈز فار ریلیف اینڈ ڈیولپمنٹ نے جامعہ تربت کے ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹ افیئرز کے تعاون سے عالمی یوم اساتذہ کی مناسبت سے یونیورسٹی میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا۔ تقریب میں جامعہ تربت کے فیکلٹی ممبران، ہیلپنگ ہینڈز کے نمائندوں اور علاقائی اسکولوں و کالجوں کے سربراہان اور اساتذہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین شعبہ مینجمنٹ سائنسز ڈاکٹر غلام جان، چیئرپرسن شعبہ تعلیم رقیہ میروانی، اور ہیلپنگ ہینڈز کے نمائندے غلام اعظم دشتی و دیگر مقررین نے اساتذہ کی گراں قدر خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ مقررین نے کہا کہ اساتذہ طلبہ میں تخلیقی و علمی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور ان کی کی کردار سازی میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اساتذہ کی محنت اور لگن محض کلاس روم تک محدود نہیں ہوتی بلکہ وہ پورے معاشرے کی اخلاقی و فکری اصلاح میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔اس موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے اساتذہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کی تعلیمی و پیشہ ورانہ ترقی میں اساتذہ کا کردار کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت استاد میں اس بات پر پختہ یقین رکھتا ہوں کہ اساتذہ کو کیریئر میں پیش رفت اور ترقی کے بروقت مواقع فراہم کرنا ان کا بنیادی حق ہے۔ جامعہ تربت کے فیکلٹی اور انتظامی عملے کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا اور خالی آسامیوں کو پْر کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ترجمان یونیورسٹی کے مطابق وائس چانسلر نے مزید کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ سینئر فیکلٹی اور آئینی اسامیوں کو پْر کرنے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے، جو جامعہ تربت کی پائیدار ترقی اور پانچ سالہ اسٹریٹجک پلان (2026-2030) کے اہداف کے حصول کے لیے ناگزیر ہیں۔ تقریب کے اختتام پر اساتذہ کی تعلیمی خدمات کے اعتراف میں ان میں یادگاری شیلڈز، تحائف اور شجرکاری کی ترغیب کے لیے پودے تقسیم کیے گئے۔
طلبہ کی تعلیمی و پیشہ ورانہ ترقی میں اساتذہ کا کردار کلیدی اہمیت رکھتا ہے،ڈاکٹر غلام جان،رقیہ میروانی

ٹیگز:
جامعہ تربت
