کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے بلوچستان میں سرکاری ملازمتوں کی مبینہ بندر بانٹ اور سیاسی بنیادوں پر تقرریوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے اقدامات سے صوبے کے پڑھے لکھے اور باصلاحیت نوجوانوں میں مایوسی اور بے چینی مزید بڑھ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان برسوں سے میرٹ، شفافیت اور مساوی مواقع کے منتظر ہیں، مگر افسوس کہ سرکاری ملازمتوں کی تقسیم میں میرٹ کے بجائے سیاسی وابستگی اور ذاتی پسند و ناپسند کو ترجیح دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران جماعت کے وزرا، مشیران اور اراکین صوبائی اسمبلی سرعام اپنے منظورِ نظر افراد اور پارٹی عہدیداران میں سرکاری ملازمتوں کے آرڈرز تقسیم کر رہے ہیں اور اس عمل کی تشہیر بھی میڈیا کے ذریعے کی جارہی ہے، جو میرٹ اور شفافیت کے دعوں پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔اگر سرکاری ملازمتیں سیاسی کارکنوں اور پارٹی عہدیداران میں تقسیم ہونی ہیں تو پھر بلوچستان کے ان ہزاروں نوجوانوں کا کیا قصور ہے جو اعلی تعلیم حاصل کرنے کے باوجود روزگار کے لیے دربدر ہیں؟ پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے کہا کہ گورنر بلوچستان جیسے اہم منصب پر فائز شخصیت کی جانب سے بھی سرعام یہ اعلان کیا گیا کہ سرکاری ملازمتیں پارٹی کارکنوں کو دی جائیں گی، جو انتہائی تشویشناک امر ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ جب اعلی حکومتی عہدیداران ہی سرکاری ملازمتوں کو سیاسی بنیادوں پر تقسیم کرنے کی بات کریں گے تو پھر میرٹ، شفافیت اور قانون کی بالادستی کا تصور کہاں باقی رہ جاتا ہے؟ انہوں نے وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی سے سوال کیا کہ وہ آئے روز میرٹ اور شفافیت کی بات کرتے ہیں، کیا ان کا میرٹ کا عزم صرف بیانات تک محدود ہے یا عملی طور پر بھی اس پر عملدرآمد ہوگا؟۔
سرکاری ملازمتوں کی بندر بانٹ قبول نہیں،پروفیسر حلیم صادق

ٹیگز:
پروفیسر حلیم صادق
