اسلام آباد :مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ اتنی ساری قربانیاں دینے اور جدو جہد کے بعد کیا ہم پاگل ہیں کہ ان ہی لوگوں سے ڈیل کرلیں گے جن کے خلاف جدوجہد کررہے ہیں۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما مسلم لیگ (ن) کا پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے میں عدم شرکت کے بارے میں کہنا تھا کہ اس میں میری اور جماعت کی نمائندگی ہمارے صدر شہباز شریف نے کہ جہاں وہ موجود ہوتے ہیں وہاں ہماری ضرورت نہیں ہوتی، قیادت نے آزاد کشمیر کی انتخابی مہم کی ذمہ داری دی ہے جس کی تیاریوں میں وہ مصروف تھیں۔
وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بلوچستان کے شرپسندوں سے بات چیت کے عندیے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اس کے لیے آپ کے قول و فعل میں تضاد نہیں ہونا چاہیے کیوں کہ اس سے بلوچستان نزدیک آنے کے بجائے مزید دور جائے گا اس لیے ان کی شکایات دور کر کے انہیں پاکستان سے جوڑنا چاہیے۔
پی ڈی ایم کی جانب سے استعفوں اور لانگ مارچ نہ ہونے اور بجٹ اجلاس میں عدم شرکت کے پیچھے ڈیل سے متعلق سوال کے جواب میں مریم نواز نے کہا کہ ڈیل کیوں اور کس کے ساتھ ہوگی، اتنی ساری قربانیاں دینے اور جدو جہد کے بعد کیا ہم پاگل ہیں کہ ان ہی لوگوں سے ڈیل کرلیں گے جن کے خلاف جدوجہد کررہے ہیں۔

