کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سینئر نائب صدر وضلع کوئٹہ کے سیکرٹری سید شراف آغا کے زیر صدارت ضلع کمیٹی کا اجلاس پارٹی کے مرکزی سیکرٹری میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال، مرکزی سیکرٹری نواب ایاز خان جوگیزئی، صوبائی صدر عبدالقہار خان ودان، صوبائی جنرل سیکرٹری کبیر افغان، صوبائی آفس سیکرٹری ملک عمر کاکڑ، صوبائی پارلیمانی سیکرٹری حضرت عمر ایڈووکیٹ، صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز نعمت کاکڑ، بشیر کاکڑ ایڈووکیٹ، مرکزی کمیٹی کے اراکین سردار بہادر خان موسیٰ خیل اور ولیم جان برکت نے شرکت کی۔ اجلاس کا ایجنڈا ضلع کوئٹہ میں جنو بی پشتونخوا کے عوام اور پشتون قومی جرگہ کے انعقاد کے فیصلوں کی روشنی میں کوئٹہ کے جرگہ کمیٹی کی تشکیل اور آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنا تھا۔ اجلا س میں کہا گیا کہ پشتونخواملی عوامی پارٹی کے چیئرمین،تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کی دعوت پربنوں جرگہ منعقدہ11تا 14مارچ 2022کے فیصلوں کی روشنی میں 31,30اگست اور یکم ستمبر 2026کو کوئٹہ میں جنوبی پشتونخوا کے عوام اور پشتون قوم کا جرگہ پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری نواب محمد ایاز خان جوگیزئی کی زیر صدارت منعقد ہواتھا اور اس جرگہ میں جنوبی پشتونخوا کے تمام اضلاع میں ضلعی سطح پر جرگہ کمیٹیاں تشکیل دی گئی ان ناموں کی فہرستوں، دعوت ناموں کو مکمل کرکے جلد ہی ہر ضلع میں ضلعی سطح پر جرگہ منعقد ہوگا جس میں سیاسی و سماجی رہنماؤں، قبائلی عمائدین، دانشوروں، وکلاء، نوجوانوں، خواتین، مزدوروں، کسانوں، تاجروں، صحافیوں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے نمائندے شرکت کرینگے اور جنوبی پشتونخوا اور بالخصوص اپنے اپنے ضلع وعلاقوں میں جاری بدامنی،اغواء برائے تاوان، لوٹ مار، قتل وغارت، قبضہ گیری، شاہراہوں کی بندش، امن و امان،زمینوں، پہاڑوں،جنگلات کے غیر آئینی وغیر قانونی انتقالات /الاٹمنٹس،تجارت کی بندش، معاشی، سماجی، قومی صورتحال پر تفصیلی غور و خوض اور اپنی قیمتی آراء اور تجاویز کی روشنی میں متفقہ طور پر آئندہ کا لائحہ عمل طے کرینگے۔ ضلع کوئٹہ کا جرگہ 17ستمبر کو منعقد کیا جائے گا اور آج سے اس کی تیاری شروع کی جائے گی۔ اجلا س سے پارٹی رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کوئٹہ میں جنوبی پشتونخو ا کے عوام اور پشتون قومی جرگہ کا کامیاب انعقاد پر تمام عہدیداروں کارکنوں کو داد تحسین پیش کیا جنہوں نے دن رات محنت کرکے مختلف کمیٹیوں میں اپنی خدمات سرانجام دیں۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں لاکھوں کی آبادی اس وقت بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، ایک جانب پینے کے صاف پانی، تعلیم، صحت، روزگار، امن نایاب ہوتا جارہا ہے دوسری جانب حکومتی رٹ، سویلین اتھارٹی ختم ہوتی جارہی ہے، تجارتی مراکز، مارکیٹوں، دکانوں، بازار پر مختلف اداروں کے غیر قانونی چھاپوں، تاجروں کے سامان کو مال غنیمت سمجھ کو لوٹا جارہا ہے۔ ملک میں غیر آئینی صورتحال نے سیاسی عدم استحکام کو مزید بڑھا دیا ہے۔ جب تک تمام ادارے ملک کے متفقہ آئین پر عملدرآمد نہیں کرینگے تب تک ملکی بحرانوں سے نجات ناممکن ہے۔
پشتونخوامیپ کا اجلاس، 17ستمبرکو ضلع کوئٹہ کا جرگہ منعقد کیا جائے گا، نواب ایاز خان جوگیزئی

ٹیگز:
نواب ایاز خان جوگیزئی
