کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری کردہ پریس ریلیز میں افغانستان کے 107ویں یومِ استقلال کے موقع پر افغان ملت اور دنیا بھر میں آباد افغانوں کو دلی مبارکباد پیش کی گئی ہے اور افغانستان کی آزادی، قومی خودمختاری اور استقلال کی تاریخی جدوجہد کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا ہے۔ 19 اگست افغانستان کی تاریخ کا ایک عظیم اور قابلِ فخر دن ہے۔ یہ دن افغان عوام کی آزادی، قومی خودمختاری اور سامراجی تسلط کے خلاف تاریخی جدوجہد کی یاد دلاتا ہے۔ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی آزادی کے اس تاریخی سفر کے عظیم رہنما شاہ غازی امان اللہ خان کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے، جنہوں نے افغانستان کی آزادی اور خودمختاری کے لیے جر?ت مندانہ اور تاریخی کردار ادا کیا۔ شاہ غازی امان اللہ خان کی قیادت میں افغان عوام نے 1919ء میں آج ہی کے دن، یعنی 19 اگست کو، اپنی قومی آزادی اور استقلال حاصل کیا۔ اس کے بعد شاہ غازی امان اللہ خان نے قومی آزادی کے ساتھ افغانستان کو ایک جدید، ترقی پسند اور خودمختار ریاست بنانے کے لیے اصلاحات کا آغاز کیا اور تعلیم، سماجی ترقی اور ریاستی اداروں کی بہتری کے لیے اہم اقدامات کیے۔ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی سمجھتی ہے کہ افغانستان کی آزادی محض ایک تاریخی واقعہ نہیں بلکہ قومی آزادی، خودمختاری اور اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کے حق کی علامت ہے۔ حقیقی استقلال اسی وقت مضبوط اور بامعنی ہو سکتا ہے جب افغانستان کے عوام کو سیاسی، معاشی، سماجی اور آئینی معاملات میں اپنی مرضی و منشا کے مطابق فیصلے کرنے کا مکمل حق حاصل ہو۔ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی افغانستان کے موجودہ حکمرانوں سے مطالبہ کرتی ہے کہ تمام انسانی حقوق کا احترام اور تحفظ یقینی بنایا جائے، شہری آزادیوں کی ضمانت دی جائے اور خواتین اور بچیوں کے تعلیم حاصل کرنے کے بنیادی اور مسلمہ حق کو ہر لحاظ سے تسلیم کرتے ہوئے انہیں تعلیمی اداروں میں تعلیم جاری رکھنے کا فوری اور مکمل موقع فراہم کیا جائے۔ تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی اور قومی مستقبل کی بنیادی ضرورت ہے اور افغان خواتین اور بچیوں کو اس حق سے محروم رکھنا افغانستان کے مستقبل کے لیے نقصان دہ ہے۔ پارٹی مطالبہ کرتی ہے کہ افغانستان کے تمام سیاسی، قومی، مذہبی، سماجی اور دیگر طبقات کی حقیقی نمائندگی پر مشتمل لویہ جرگہ بلایا جائے، جس کے ذریعے افغان عوام کی اجتماعی مرضی و منشا سے ملک کے لیے ایک نیا متفقہ آئین تشکیل دیا جائے۔ اس آئین کے تحت آزاد، شفاف اور منصفانہ انتخابات کا انعقاد کیا جائے اور اقتدار افغانستان کے عوام کے حقیقی منتخب نمائندوں کے حوالے کیا جائے۔ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی سمجھتی ہے کہ افغانستان میں پائیدار امن، سیاسی استحکام، قومی اتحاد اور ترقی کا راستہ عوام کی حقیقی سیاسی شرکت، جمہوری اصولوں، آئین کی بالادستی، انسانی حقوق کے احترام اور تمام افغان شہریوں کے مساوی حقوق کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ پارٹی افغانستان کی آزادی، خودمختاری، قومی وحدت اور علاقائی سالمیت کی حمایت کرتی ہے اور افغانستان کے اندرونی معاملات میں کسی بھی بیرونی مداخلت کی مخالفت کرتی ہے۔ افغانستان اور پاکستان کے تعلقات باہمی احترام، عدم مداخلت، برابری، امن اور دونوں ممالک کے عوام کے مفادات کی بنیاد پر استوار ہونے چاہئیں۔ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی افغانستان کے 107ویں یومِ استقلال پر افغان ملت کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کرتی ہے کہ افغانستان ایک آزاد، خودمختار، متحد، پْرامن، جمہوری اور ترقی یافتہ ریاست کی حیثیت سے دنیا میں اپنا باوقار مقام حاصل کرے گا اور افغان عوام اپنے مستقبل کا فیصلہ آزادانہ طور پر خود کرنے کے قابل ہوں گے۔
19 اگست افغان عوام کی آزادی، قومی خودمختاری اور سامراجی تسلط کے خلاف تاریخی جدوجہد کی یاد دلاتا ہے، پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی

