کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ پریس ریلیز میں بولان میں گیس پائپ لائن کی مرمت نہ ہونے سے صوبے کے کئی اضلاع گیس سے محروم اور عوامی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے جس پر سخت افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ حکومت گیس کمپنی کو مکمل سکیورٹی فراہم کرنے اورسوئی سدرن گیس کمپنی فوری طور پر پائپ لائن کی مرمت کرکے گیس بحالی کے لیے اقدامات اٹھائیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ بولان میں گزشتہ دنوں گیس پائپ لائن کو دھماکے سے نقصان پہنچائے جانے کے بعد تاحال پائپ لائن کی مرمت مکمل نہ ہوسکی، جس کے باعثصوبے کے کئی اضلاع کوئٹہ، پشین، زیارت، مستونگ ودیگر میں گیس کی فراہمی بری طرح متاثر ہے اور لاکھوں صارفین شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے گیس کی فراہمی کے اوقات کار کو فوری طور پر واپس لیکر مکمل گیس کی فراہمی کی جائے۔ کمپنی عوام کے صبر کا امتحان لے رہی ہے اور خودساختہ عوام دشمن فیصلوں کے مرتکب ہورہی ہے جس کی پشتونخوامیپ سخت الفاظ میں مذمت کرتی ہے او ر مطالبہ کرتی ہے کہ بلا تعطل دن بھر گیس کی مکمل پریشر کے ساتھ فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ گیس کی عدم دستیابی کے باعث گھریلو صارفین کو کھانا پکانے سمیت روزمرہ امور میں شدید دشواری کا سامنا ہے، جبکہ شہری مہنگے داموں ایل پی جی سلنڈر اور دیگر متبادل ایندھن خریدنے پر مجبور ہیں۔ کم آمدنی والے خاندانوں کے لیے یہ اضافی مالی بوجھ مزید مشکلات کا سبب بن رہا ہے۔ ہوٹلوں، تندوروں، چھوٹے کاروباروں اور دیگر گیس استعمال کرنے والے صارفین کا کاروبار بھی متاثر ہو رہا ہے۔سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے سکیورٹی کا مؤقف اپنی جگہ، لیکن عوام کو طویل عرصے تک بنیادی سہولت سے محروم رکھنا کسی صورت قابل قبول نہیں۔ اگر پائپ لائن کی مرمت کے لیے سکیورٹی ایک مسئلہ ہے تو حکومت فوری طور پر متعلقہ عملے اور مرمتی ٹیموں کو مکمل سکیورٹی فراہم کرے تاکہ تکنیکی ماہرین بلاخوف پائپ لائن کی مرمت کا کام مکمل کرسکیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت اور گیس کمپنی ایک دوسرے پر ذمہ داری ڈالنے کے بجائے عملی اقدامات کریں حکومت سکیورٹی فراہم کرے اور گیس کمپنی اپنی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے ہنگامی بنیادوں پر متاثرہ پائپ لائن کی مرمت مکمل کرکے متاثرہ اضلاع میں گیس کی فراہمی بحال کرے۔کمپنی یہاں مکمل طور پر ناکام ہے کہ متاثرہ اضلاع میں گیس کی فراہمی معطل ہونے کے باعث وہاں متبادل انتظام کے ذریعے صارفین کو ریلیف فراہم کرسکے۔ لیکن گیس کے بل باقاعدگی سے وصول کیے جاتے ہیں۔ صارفین کو گیس کی فراہمی بھی یقینی بنانا متعلقہ کمپنی کی ذمہ داری ہے۔ طویل عرصے تک گیس کی بندش سے عوام کو ہونے والے مالی اور گھریلو نقصانات کا بھی ازالہ کیا جائے۔بیان میں وفاقی و صوبائی حکومت اور متعلقہ گیس کمپنی سے مطالبہ کیا ہے کہ بولان گیس پائپ لائن کی مرمت میں مزید تاخیر نہ کی جائے، سکیورٹی کا مؤثر بندوبست کیا جائے، متاثرہ اضلاع میں فوری طور پر گیس کی فراہمی بحال کی جائے اور بالخصوص گزشتہ دنوں ہونے والے نوٹیفکیشن جس میں نئے اوقات کار کے مطابق گیس کی فراہمی کا شیڈول جاری کیا گیا ہے کو فوری طور پر واپس لیکر پورے دن گیس کی مکمل فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور جن علاقوں میں گیس کے بلوں کی ریکوری نہیں ہوتی وہاں کمپنی ریکوری کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے یہ نہیں کے تمام کوئٹہ شہر اور صوبے کے دیگر اضلاع کو گیس سے محروم رکھا جائے اور کسی مریض کے نسخے کی طرح گیس کا شیڈول جاری کیا جائے۔
گیس کی فراہمی کے لیے اقدامات اور نئے شیڈول کو فوری واپس لیا جائے، پشتونخوامیپ

ٹیگز:
پشتونخوامیپ
