لاہور (ڈیلی گرین گوادر) پیٹرول بھتہ ختم کرنے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوری اور نمایاں کمی اور مہنگائی کے ستائے عوام کو حقیقی ریلیف دینے کے مطالبے پر جماعت اسلامی کے جاری دھرنے کے تیسرے روز شمالی پنجاب سمیت مختلف علاقوں سے ہزاروں خواتین نے بھرپور شرکت کی۔ خواتین نے دھرنے میں شرکت کرکے حکومتی معاشی پالیسیوں اور مسلسل بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف اپنے شدید احتجاج کا اظہار کیا۔دھرنے میں قائم مقام سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ثمینہ سعید، ڈپٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی، ڈاکٹر زبیدہ جبیں ناظمہ وسطی پنجاب نازیہ توحید، ناظمہ شمالی پنجاب ثمینہ احسان اور ناظمہ حلقہ لاہور عظمیٰ عمران سمیت خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے قائم مقام سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ثمینہ سعید نے کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ صرف گاڑیوں کے ایندھن کو مہنگا نہیں کرتا بلکہ اس کے اثرات براہِ راست ہر گھر کے چولہے، بچوں کی تعلیم، علاج، روزمرہ خوراک اور گھریلو بجٹ پر پڑتے ہیں۔ حکمرانوں کو سمجھنا ہوگا کہ مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام اب مزید بوجھ اٹھانے کے قابل نہیں۔انہوں نے کہا کہ پیٹرول بھتہ ختم کیا جائے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوری کمی کی جائے۔ حکومت عوام کو یہ بتائے کہ عالمی منڈی میں قیمتیں کم یا مستحکم ہونے کے باوجود پاکستانی عوام کو مہنگے پیٹرول کا بوجھ کیوں اٹھانا پڑ رہا ہے۔ حکمران اشرافیہ کے اخراجات اور مراعات کم کرنے کے بجائے ہر بار عوام کی جیب پر ہاتھ ڈالنا کسی صورت قابل قبول نہیں۔ثمینہ سعید نے کہا کہ خواتین اس مہنگائی سے سب سے زیادہ متاثر ہیں کیونکہ گھر کا بجٹ سنبھالنے کی ذمہ داری عموماً خواتین کے کندھوں پر ہوتی ہے۔ جب آٹا، دال، سبزی، بجلی، گیس، ٹرانسپورٹ اور دیگر ضروریات مہنگی ہوتی ہیں تو سب سے پہلے گھر کی خواتین ہی اس کے اثرات برداشت کرتی ہیں۔ آج ہزاروں خواتین کا دھرنے میں آنا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ خواتین اپنے حقوق، اپنے بچوں کے مستقبل اور عوامی مسائل کے حل کے لیے میدان میں موجود ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کا یہ احتجاج کسی ایک طبقے یا جماعت کا احتجاج نہیں بلکہ پاکستان کے عام آدمی کی آواز ہے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ حکومت فوری طور پر پیٹرول بھتہ ختم کرے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرے اور عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کرے۔ اگر حکمران عوام کے مطالبات نہیں سنتے تو پرامن عوامی جدوجہد کا دائرہ مزید وسیع ہوگا۔ڈپٹی سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی نے پاکستان کے ہر گھر کو متاثر کیا ہے اور خواتین اس بحران کی سب سے بڑی متاثرہ فریق ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیٹرول مہنگا ہونے سے صرف سفر نہیں بلکہ زندگی کی ہر ضرورت مہنگی ہو جاتی ہے۔حکومت کو عوام کے مسائل کا احساس کرتے ہوئے فوری طور پر پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کرنا ہوگی۔عوام سے ٹیکس اور بھتے وصول کرکے اشرافیہ کی مراعات برقرار رکھنا انصاف نہیں۔خواتین اپنے خاندانوں کے معاشی مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور وہ اس عوامی جدوجہد میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گی۔جماعت اسلامی کی جدوجہد عوام کو معاشی انصاف اور باعزت زندگی دلانے تک جاری رہے گی۔نازیہ توحید: خواتین کا احتجاج عوام کے درد کی آواز ہےناظمہ وسطی پنجاب نازیہ توحید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہزاروں خواتین کی دھرنے میں شرکت اس بات کا اعلان ہے کہ خواتین مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی ناانصافی کے خلاف خاموش نہیں رہیں گی۔ پیٹرول کی قیمتوں میں کمی عوام کا بنیادی مطالبہ ہے اور حکومت کو اسے سنجیدگی سے لینا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ خواتین اپنے گھروں کا بجٹ سب سے قریب سے دیکھتی ہیں، اس لیے وہ جانتی ہیں کہ مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی کس قدر مشکل بنا دی ہے۔ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لیے فوری اقدامات کرے۔عظمیٰ عمران: عوامی حقوق کی جدوجہد میں خواتین پیچھے نہیں رہیں گیناظمہ حلقہ لاہور عظمیٰ عمران نے کہا کہ جماعت اسلامی کے دھرنے میں خواتین کی بڑی تعداد میں شرکت عوامی مسائل کے حل کے لیے ان کے عزم کا اظہار ہے۔ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہر شہری کی زندگی کو متاثر کرتا ہے، اس لیے اس مسئلے پر آواز اٹھانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ خواتین اپنے خاندانوں کے معاشی تحفظ اور بہتر مستقبل کے لیے اس جدوجہد میں بھرپور کردار ادا کریں گی۔ حکمران عوام کی آواز سنیں، پیٹرول بھتہ ختم کریں اور قیمتوں میں فوری کمی کا اعلان کریں۔دھرنے کے تیسرے روز شمالی پنجاب سمیت مختلف علاقوں سے ہزاروں خواتین کی بھرپور شرکت نے احتجاج کو مزید توانا کر دیا۔ خواتین نے پرجوش انداز میں عوامی مطالبات کی حمایت کی اور پیٹرول کی قیمتوں میں کمی، پیٹرول بھتے کے خاتمے اور مہنگائی سے نجات کے مطالبات کو دہرایا۔خواتین رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کے بنیادی حقوق اور معاشی انصاف کے حصول کے لیے پرامن جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جماعت اسلامی کی اس عوامی جدوجہد کو کامیابی عطا فرمائے، ملک و قوم کو مہنگائی اور معاشی مشکلات سے نجات دے اور حکمرانوں کو عوام کے حق میں درست اور فوری فیصلے کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
پیٹرول بھتہ ختم کرو، عوام کو ریلیف دو، ورنہ حکمرانوں کو عوامی مزاحمت کا سامنا کرنا ہوگا ` ثمینہ سعید

ٹیگز:
ثمینہ سعید
