کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پچھلے سال 4جون 2025کو زیارت،ہرنائی ودیگر اضلاع میں جنگلات کی زمینوں کے غیر آئینی، غیر قانونی تقریباً ڈھائی لاکھ ایکڑ کے انتقالات کی منسوخی کے لیے 24جولائی 2025کو نواب ایاز خان جوگیزئی کے زیر صدارت جرگہ منعقد کیا گیا تھا۔ جرگہ میں زیارت کے سیاسی،قبائلی معززین،معتبرین، علماء کرام اور عوام نے سینکڑوں کی تعداد میں شرکت کی۔ بحث مباحثے کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ یکم اگست 2025کو زیارت میں نواب ایاز خان جوگیزئی کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ اور جلسہ ہوگا۔ جس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ یکم اگست 2025کو زیارت میں نواب ایاز خان جوگیزئی کی قیادت میں عظیم الشان احتجاجی مظاہرہ اور جلسہ عام منعقد ہوا۔ جس میں علاقے کے سیاسی، سماجی قائدین، معتبرین، معززین اور علماء کرام نے اپنے خطابات میں لاکھوں ایکڑ جنگلات کے زمینوں کے انتقالات کی منسوخی کا مطالبہ کیا۔ بعد میں نواب ایازخان جوگیزئی کی قیادت میں دونوں اضلاع کے جرگہ معززین نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ملاقات کی۔ وزیر اعلیٰ نے اس معاملے کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور جرگہ زیارت نے طویل انتظار کے بعد عدالت میں رٹ پٹیشن داخل کی۔ آج بلوچستان ہائی کورٹ میں ضلع زیارت، ضلع ہرنائی کی جانب سے حبیب ناصر ایڈووکیٹ، شیر شاہ کاسی ایڈووکیٹ اور دیگر بہت سے وکلاء پیش ہوئے اور صوبے کی اعلیٰ عدالت نے کیس کو ایڈمٹ کیا اور تمام ذمہ دار سرکاری اداروں کی نوٹسز جاری کیئے۔ میں ضلع زیارت، ضلع ہرنائی کے معززین اور عوام کی جانب سے شیر شاہ کاسی ایڈووکیٹ، حبیب ناصر ایڈووکیٹ اور دیگر تمام وکلاء کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور ساتھ ہی صوبے کے دیگر اضلاع جہاں جہاں جنگلات، جنگلی حیات کے زمینوں کے انتقالات ہوئے ہیں وہ ہمارے رٹ پٹیشن کا حصہ بنے تاکہ صوبے کے ان تمام اضلاع میں غیر قانونی اور غیر آئینی انتقالات کا خاتمہ ہوسکیں۔
زمینوں کے غیر آئینی انتقالات ` یکم اگست 2025کو زیارت میں نواب ایاز خان جوگیزئی کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ اور جلسہ ہوگا . عبدالرحیم زیارتوال

ٹیگز:
عبدالرحیم زیارتوال
