کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان نے عظیم رہبر، طلبہ سیاست اور بلوچ قومی سیاست کے سرخیل شہید ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ کی برسی کے موقع پر جاری بیان میں شہید ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ کی طویل سیاسی جدوجہد اور بلند کردار و عمل کو زبردست الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ کی سیاسی جدوجہد ایک تاریخ کی حیثیت رکھتی ہے جو فکری و نظریاتی بنیادوں پر استوار رہی، اور وہ اصول پسندی، جمہوری اقدار اور بلوچ وطن کی حقِ حاکمیت و حقوق کے حصول کی بلند و توانا آواز تھے۔ترجمان نے کہا کہ شہید ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ کی سیاسی زندگی ہر سیاسی کارکن کے لیے ایک مکمل نصاب کی حیثیت رکھتی ہے۔ ان کی فکر میں نظریاتی پختگی، کردار میں استقامت اور عمل میں تسلسل نمایاں تھا۔ آج کے سیاسی کارکن اگر ان کی جدوجہد کا سنجیدگی سے مطالعہ کریں تو وہ فکری بلندی، تنظیمی نظم و ضبط اور عوامی وابستگی کے وہ اصول سیکھ سکتے ہیں جو ایک کامیاب اور فکری و جمہوری سیاسی زندگی کے لیے ناگزیر ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ شہید ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ نے طلبہ سیاست سے اپنے سیاسی سفر کا آغاز کیا اور خطے میں طلبہ سیاست کی ایک منظم تنظیم تشکیل دی۔ وہ بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے بانی چیئرمین رہے۔ ان کی مقبولیت عوام میں انتہا کی حد تک تھی اور وہ کم عمری میں رکنِ قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔بیان میں کہا گیا کہ شہید ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ کی سیاسی بصیرت اور دور اندیشی کو ان کے مخالفین بھی تسلیم کرتے ہیں۔ انہوں نے اپنے سیاسی ہمسفر دوستوں کے ساتھ مل کر سیاسی کارکنوں کے لیے نیشنل پارٹی کی صورت میں منظم سیاسی جماعت فراہم کی، جس میں جمہوری اقدار و روایات اور فکری و نظریاتی بلندیاں موجود ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ شہید ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ کی برسی سیاسی کارکنوں کے لیے ہمیشہ مشعلِ راہ کا کردار ادا کرتی رہے گی اور سیاسی کارکن ان کی سیاسی جدوجہد سے آراستہ ہو کر اپنی سیاسی تشنگی کو مکمل کرسکے گے۔
شہید ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ کی سیاسی زندگی ہر سیاسی کارکن کے لیے ایک مکمل نصاب کی حیثیت رکھتی ہے، نیشنل پارٹی

ٹیگز:
نیشنل پارٹی
