گوادر(یو این اے)جامعہ گوادر کی مرکزی لائبریری میں گوشہ اقبالیات (اقبال کارنر)کے سلسلے میں افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس کی صدارت وائس چانسلر جامعہ گوادر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے کی۔ تقریب کے معزز مہمانان میں اقبال اکادمی پاکستان لاہور کے ناظم اعلی ڈاکٹر عبدالرف رفیقی اور ادارہ فروغِ قومی زبان کے ڈائریکٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم مظہر نے خصوصی شرکت کی، جبکہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ڈاکٹر ضیا الرحمان بلوچ، ادارہ فروغ قومی زبان کے محبوب خان بگٹی، طارق بن آزاد، کامران مشتاق، تربت یونیورسٹی کے ڈاکٹر طارق بھی تقریب میں شریک تھے۔اس موقع پر جامعہ گوادر کے رجسٹرار ڈاکٹر دولت خان، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر رحیم بخش مہر، ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر جان محمد، ڈین فیکلٹی آف سائنس اینڈ انجینئرنگ ڈاکٹر محب اللہ، ڈائریکٹر فنانس رحمت اللہ سمیت دیگر انتظامی افسران بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے کہا کہ یونیورسٹی آف گوادر مین گوشہ اقبالیات کا قیام طلبہ و طالبات کو علامہ اقبال کے فکر و فلسفہ سے روشناس کرانے کے ساتھ ساتھ تحقیقی و علمی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگا۔ اس موقع پر ڈاکٹر عبدالرف رفیقی اور پروفیسر ڈاکٹر سلیم مظہر نے اپنے خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر کی بلوچستان خصوصا اس خطے میں اعلی تعلیم کے فروغ اور قومی زبانوں کی ترویج کے لیے خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ معزز مہمانان نے کہا کہ جامعہ گوادر کا یہ اقدام علمی و ادبی میدان میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا جس کی دوسرے اعلی تعلیمی ادارون کو تقلید کرنی چاہیے۔ تقریب میں بتایا گیا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کے جاری کردہ مراسلے کے مطابق ملک بھر کی جامعات میں اقبالیات چیئر یا گوشہ اقبال کے قیام کی ہدایت کی گئی تھی، تاہم جامعہ گوادر پاکستان کی پہلی جامعہ بن گئی ہے جہاں باقاعدہ طور پر گوشہ اقبال قائم کیا گیا۔ بعد ازاں گوشہ اقبالیات (اقبال کارنر)کا باقاعدہ افتتاح اقبال اکادمی لاہور کے ناظم اعلی ڈاکٹر عبدالرف رفیقی نے کیا۔ اس موقع پر جامعہ گوادر، اقبال اکادمی لاہور اور ادارہ فروغِ قومی زبان کے درمیان علمی و ادبی تعاون کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی کیے گئے۔
گوشہ اقبالیات طلبہ کو فکرِ اقبال سے روشناس کرانے میں اہم کردار ادا کرے گا، پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر

ٹیگز:
عبدالرزاق صابر
