کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) آل بلوچستان شورومز ایسوسی ایشن کے رہنماؤں،شورومز مالکان کا ایک اہم اجلاس کوئٹہ سریاب روڈ پر پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال کے زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں پے در پے کوئٹہ کے مختلف علاقوں سریاب،سروے 144، سپنی روڈ، مغربی بائی پاس، عالمواور دیگر علاقوں میں شورومز پر کسٹم، سیکورٹی فورسز کے چھاپوں، کرورڑوں روپے کے قیمتی گاڑیوں کو ضبط کرنے کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی۔ اجلاس سے پشتونخوامیپ کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال، مرکزی انجمن تاجران کے صدر عبدالرحیم کاکڑ، پشتونخوامیپ کے صوبائی جنرل سیکرٹری کبیر افغان، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری صورت خان کاکڑ، سید عبدالخالق آغا، محمد جان درویش، سمیع اللہ کرد، سید میر علی آغا، ظاہر خان، حاجی نور محمد ساسولی، حاجی معصوم خان، حاجی باری بڑیچ ودیگر نے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ رات کے تین بجے کوئٹہ کے شورومز پر کسٹم اور فورسز کے چھاپوں، درجن بھر بڑی اور قیمتی گاڑیوں کو ضبط کرنے، گاڑیوں کو ریکارڈ سے غائب کرنے، لیپ ٹاپ، ڈی ای آر ریکارڈ، گاڑیوں کے ریمورٹ اٹھانے، موبائل اور نقدی لوٹنے کے واقعات روزمرہ کا معمول بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے مختلف شورومز پر ڈرون کیمروں کے ذریعے نگرانی پھر قیمتی گاڑیوں کی نشاندہی اور بعد ازاں چھاپے تاجروں کے لیے دردسر بن چکے ہیں اور کسٹم اہلکار ڈاکوؤں کی طرز پر آکر لوٹ مار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شورومز سے قیمتی گاڑیاں ضبط کرنے کے بعد ان گاڑیوں کو آفیسران اپنے ذاتی استعمال میں لاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر کے تاجر کاروباری طبقہ کسٹم اور ایف سی کے غیر قانونی اقدامات اور چھاپوں کو مزید برادشت نہیں کیا جاسکتا کیونکہ تاجروں کا کوئی دوسرا ذریعہ معاش نہیں ہے نہ ہمارے صوبے میں زراعت ہے نہ بڑے کارخانے اور صنعتی زون ہیں اور نہ کاروبار کے دوسرے ذرائع ہیں جس کی وجہ سے عوام کی معاشی حالات دن بدن تباہ ہوتی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوامیپ گاڑیوں کے شورمز مالکان، کوئٹہ کے تاجروں کے ساتھ ہیں اور تاجر برادری نے جو لائحہ عمل طے کیا ہے پشتونخوایپ اس کا مکمل ساتھ دے گی۔
کوئٹہ کے مختلف شورومز پر ڈرون کیمروں کے ذریعے نگرانی پھر قیمتی گاڑیوں کی نشاندہی اور بعد ازاں چھاپے تاجروں کے لیے دردسر بن چکے ہیں،عبدالرحیم زیارت وال

ٹیگز:
کوئٹہ
