کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے انسدادِ بدعنوانی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ بلوچستان میں شفاف طرزِ حکمرانی، ادارہ جاتی مضبوطی اور بدعنوانی کے مکمل خاتمے کے لیے صوبائی حکومت واضح حکمتِ عملی اور مضبوط سیاسی عزم کے ساتھ کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کسی بھی معاشرے کی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، اس لیے اس کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات اور جدید نظم و نسق کا نفاذ وقت کی اہم ضرورت ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت نے اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کو فعال، مؤثر اور خودمختار انداز میں کام کرنے کے لیے وسیع اصلاحات متعارف کرائی ہیں۔ اسی طرح چیف منسٹر انسپیکشن ٹیم (CMIT) کو بھی نئی توانائی، مزید اختیارات اور بہتر نگرانی کے میکانزم کے ساتھ فعال کر دیا گیا ہے تاکہ سرکاری اداروں میں شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنایا جا سکے انہوں نے کہا کہ بدعنوانی کے سدباب کے لیے محکمانہ اصلاحات، ڈیجیٹل گورننس، سرکاری ریکارڈ کی جدید خطوط پر منتقلی، ترقیاتی منصوبوں کی سخت مانیٹرنگ اور عوام کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ سرکاری اداروں میں میرٹ اور شفافیت کے فروغ کے ساتھ ساتھ بدعنوانی میں ملوث عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائی جاری ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کا دباؤ یا مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گڈ گورننس کے قیام کے لیے صرف حکومتی اداروں کی کارکردگی کافی نہیں، بلکہ عوامی تعاون، مؤثر نگرانی اور ذمہ دارانہ شہری کردار بھی انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری بدعنوانی کی نشاندہی کریں، حکومتی اصلاحات کا حصہ بنیں اور صوبے کو شفاف، منظم اور ترقی یافتہ بلوچستان بنانے کے لیے حکومت کے ساتھ کھڑے ہوں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے گا اور شفاف گورننس، قانون کی بالادستی اور عوامی وسائل کے تحفظ کے لیے جاری اصلاحات مزید مؤثر اور مضبوط انداز میں آگے بڑھائی جائیں گی۔
سرکاری اداروں میں میرٹ اور شفافیت کے فروغ کے ساتھ ساتھ بدعنوانی میں ملوث عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائی جاری ہے، میر سرفراز بگٹی

ٹیگز:
میر سرفراز بگٹی
