کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)محکمہ موسمیات نے بلوچستان کے خشک سالی سے متاثرہ اضلاع کے لیے خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ دسمبر میں طاقتور اور طویل بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے جا رہا ہے۔ مغربی ہواں کا شدید سلسلہ 6 سے 10 دسمبر 2025 کے دوران بلوچستان میں داخل ہوگا، جس کے ساتھ ہی موسمِ سرما کی پہلی بھرپور بارشیں شروع ہوں گی اور یہ سلسلہ پورے مہینے وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔ماہرین کے مطابق ممکنہ بارشوں سے ژوب، شیرانی، موسی خیل، بارکھان، کوہلو، سبی، لسبیلہ، آواران، کیچ اور گوادر کے علاقے زیادہ فائدہ اٹھائیں گے۔ جبکہ پنجگور، خضدار، قلعہ سیف اللہ، چاغی، نوشکی، واشک اور مستونگ جیسے قحط زدہ علاقوں میں زمین اور زیر زمین پانی کے ذخائر میں نمایاں بہتری کی توقع ہے۔متعدد علاقوں میں 7 سے 15 دسمبر کے دوران موسلا دھار بارش اور گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ بلند پہاڑی علاقوں میں 8 سے 12 دسمبر کے درمیان برف باری بھی متوقع ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شمال مغربی ہوائیں اس سال معمول سے زیادہ فعال ہیں اور سمندر سے آنے والی نمی بلوچستان کی طرف بڑھ رہی ہے، جس کی بدولت یہ بارشیں طویل اور موثر ثابت ہوں گی۔ ماہرین کے مطابق مجوزہ بارشیں ڈیموں اور زیر زمین پانی کے ذخائر میں واضح اضافہ کریں گی اور خشک سالی کی شدت کم ہوگی۔مئی تا اکتوبر 2025 میں صوبے میں بارشیں معمول سے 79 فیصد کم رہیں، تاہم دسمبر میں متوقع بارشوں سے صورتحال میں نمایاں بہتری کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔
بلوچستان میں 6 سے 10 دسمبر کے دوران طاقتور بارشوں کا آغاز، خشک سالی کے شکار اضلاع میں ریلیف متوقع ہے

ٹیگز:
بلوچستان
