کوالمپور (ڈیلی گرین گوادر) پاکستان کے نوجوان محقق ڈاکٹر عثمان محمود نے ملائیشیا میں شاندار کامیابیاں سمیٹ کر نہ صرف اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے بلکہ ملک کا نام بھی بین الاقوامی سطح پر روشن کیا ہے۔ انہوں نے یونیورسٹی ٹیکنالوجی ملائیشیا (UTM) کے 69ویں کونووکیشن میں ’’پرو چانسلر ایوارڈ‘‘حاصل کیا جو صرف غیرمعمولی تحقیقی قابلیت رکھنے والے پی ایچ ڈی اسکالرز کو دیا جاتا ہے ۔ڈاکٹر عثمان کی پی ایچ ڈی تحقیق نہ صرف معیار، گہرائی اور جدت کا امتزاج تھی بلکہ اس کے دوران انہوں نے مسلسل علمی نتائج بھی پیش کیے۔ ان کا مقالہ ممتاز قرار پایا، اور انہی کی محنت سے چھ بین الاقوامی جرنل مضامین شائع ہوئے۔ اس کے علاوہ ان کی تحقیق میں جدید 3D اسپیشل اینالیٹکس، اسمارٹ بلڈنگ مینجمنٹ اور شہری منصوبہ بندی کے لیے درکار جیو اسپیشل ٹیکنالوجیز کے نئے امکانات بھی سامنے آئے، جو ترقی پاتے شہروں بالخصوص پاکستان اور ملائیشیا کے لیے نہایت اہم ہیں۔پرو چانسلر ایوارڈ کے ساتھ ساتھ انہیں UTM کی جانب سے ڈینز ایوارڈ اور بہترین طالب علم ایوارڈ بھی دیا گیا، جو اُن کی مستقل محنت، نظم و ضبط اور تحقیقی برتری کا واضح ثبوت ہے۔ ان اعزازات کے ساتھ ساتھ انہیں حال ہی میں ایزری ایوارڈ بھی ملا، جو جغرافیائی معلوماتی نظام (GIS) کے مستقبل ساز نوجوان محققین کو دیا جاتا ہے۔
ڈاکٹر عثمان محمود نے ملائیشیا میں شاندار کامیابیاں ملک کا نام بین الاقوامی سطح پر روشن کیا

ٹیگز:
ڈاکٹر عثمان
