کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماء رکنِ صوبائی اسمبلی اور پارلیمانی سیکرٹری برائے ٹرانسپورٹ، میر لیاقت علی لہڑی نے 18 اکتوبر یومِ شہدا کارساز کے موقع پر ایک خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ سانحہ کارساز ہماری قومی تاریخ کا وہ سیاہ دن ہے جسے بھلایا نہیں جا سکتا۔ یہ دن اْن سینکڑوں شہداء کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے جمہوریت، آئین اور عوامی حاکمیت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو، جنہیں دنیا دخترِ مشرق کے نام سے جانتی ہے، آمریت کے خلاف مزاحمت کی علامت تھیں۔ محترمہ نے اپنی پوری زندگی پاکستان کو ایک مضبوط، جمہوری اور ترقی یافتہ ریاست بنانے کے لیے وقف کر دی۔ 18 اکتوبر 2007 کو جب وہ جلاوطنی ختم کرکے وطن واپس آئیں، تو لاکھوں عوام نے ان کا تاریخی استقبال کیا۔ لیکن یہ جذبہ دشمن قوتوں کو برداشت نہ ہوا اور کارساز میں ان پر دہشتگرد حملہ کیا گیا، جس میں درجنوں کارکن شہید اور سینکڑوں زخمی ہوئے۔میر لیاقت لہڑی نے کہا کہ پیپلز پارٹی اپنے ان شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ یہ قربانیاں اس بات کی گواہ ہیں کہ پاکستان میں جمہوریت کی بنیاد صرف ووٹ سے نہیں، بلکہ عوام کے خون سے رکھی گئی ہے۔ ہم آج بھی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مشن پر گامزن ہیں اور جمہوریت، عوامی حقوق، آزادی اظہار اور آئین کی بالادستی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔انہوں نے آخر میں کہا کہ سانحہ کارساز کے شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، اور پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ ان کے مشن کی محافظ رہے گی۔
سانحہ کارساز ہماری قومی تاریخ کا وہ سیاہ دن ہے جسے بھلایا نہیں جا سکتا،میرلیاقت لہڑی

ٹیگز:
لیاقت لہڑی
