کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر قمر زمان کائرہ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبے کی مجموعی صورتحال، نوجوانوں کے مسائل، ترقیاتی منصوبوں اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلی ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبائی حکومت میرٹ کے فروغ اور گڈ گورننس کی تشکیل کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں اور ریاست کے درمیان فاصلے کم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ بینظیر بھٹو اسکالرشپ پروگرام صوبے کی تاریخ کا سب سے بڑا تعلیمی منصوبہ ہے، جس کے تحت پرائمری سے اعلی تعلیم تک طلبہ کو اسکالرشپ فراہم کیے جائیں گے۔ وزیراعلی نے مزید کہا کہ بلوچستان کے طلبہ کے لیے دنیا کی 200 معیاری جامعات کے دروازے کھول دئیے گئے ہیں جبکہ سویلین، شہدا، اقلیتوں اور ٹرانس جینڈرز کے لیے بھی خصوصی اسکالرشپ پروگرام شروع کیا گیا ہے۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ نوجوانوں کے مسائل کے حل کے لیے ڈائیلاگ کے عمل کو فروغ دیا جا رہا ہے، جبکہ بلا سود قرضہ پروگرام اور چیف منسٹر یوتھ اسکلز ڈویلپمنٹ باعزت روزگار پروگرام نوجوانوں کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔قمر زمان کائرہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی اپنی اتحادی جماعتوں کے ساتھ فلاحِ عامہ کے کاموں میں سرگرم عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی وفاق کی علامت ہے اور قومی ہم آہنگی کے ساتھ عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔انہوں نے وزیراعلی میر سرفراز بگٹی کے ترقیاتی وژن کی مکمل حمایت کرتے ہوئے یقین دلایا کہ پیپلزپارٹی بلوچستان کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔
میر سرفراز بگٹی سے قمر زمان کائرہ کی ملاقات، صوبے کی صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال

ٹیگز:
میر سرفراز
