خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں لڑکیوں کے ایک پرائمری اسکول میں دھماکے سے عمارت کو جزوی نقصان پہنچا، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) نذیر خان نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ یہ واقعہ ہفتہ کی رات وانڈا زاہد گل کے علاقے میں پیش آیا، جو تھانہ ڈڈیوالہ کی حدود میں آتا ہے، جہاں ایک لڑکیوں کے پرائمری اسکول میں دھماکا ہوا۔انہوں نے کہا کہ دھماکے میں دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) استعمال کیا گیا، جس کے باعث اسکول کی عمارت کو جزوی نقصان پہنچا۔ان کا کہنا تھا کہ خوش قسمتی سے دھماکے کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، اسکول میں دو آئی ای ڈیز نصب کیے گئے تھے جن میں سے ایک پھٹ گیا اور دوسرا پولیس کے موقع پر پہنچنے کے بعد معائنے کے دوران برآمد ہوا، جسے بم ڈسپوزل اسکواڈ نے کامیابی سے ناکارہ بنا دیا۔ڈی پی او نے مزید بتایا کہ علاقے میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے، ملزمان کی تلاش کے لیے ضلع میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
لکی مروت میں لڑکیوں کے پرائمری اسکول کو دھماکے سے اڑا دیا گیا

