کراچی (ڈیلی گرین گوادر) سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کے پوتے ذوالفقار علی بھٹو جونیئر نے عندیہ دیا ہے کہ وہ لیاری سے انتخابات میں حصہ لیں گے اور فاطمہ بھٹو کے ساتھ مل کر نئی سیاسی جماعت کے قیام کا اعلان کریں گے۔ کراچی کے علاقے 70 کلفٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ لیاری کے عوام سخت مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، جہاں قریباً 150 عمارتیں سیل کی جا چکی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ آج بغدادی واقعے کے متاثرین سے اظہارِ یکجہتی کے لیے یہاں موجود ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیاکہ پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت متاثرین کو فوری طور پر رہائش فراہم کرے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم پارٹی کے نام پر غور کررہے ہیں، موقع ملا تو لیاری سے الیکشن لڑوں گا۔ لیاری کے عوام نے پیپلزپارٹی کو ووٹ دیا، مگر آج کے لیاری کی حالت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ذوالفقار علی بھٹو جونیئر نے کہاکہ لیاری میں ہزاروں افراد متاثر ہوئے ہیں، انہیں ایل ڈی اے کی اسکیم 42 میں جگہ دی جانی چاہیے۔ اگر آپ شاہراہ بھٹو بنا سکتے ہیں تو لیاری کے لوگوں کو گھر کیوں نہیں دے سکتے؟ انہوں نے کہا کہ مجھے اسٹیبلشمنٹ کی کوئی پشت پناہی حاصل نہیں، میں اپنے بل بوتے پر آگے بڑھنے کی کوشش کر رہا ہوں۔انہوں نے اعلان کیاکہ فاطمہ بھٹو جلد پاکستان آئیں گی، اور وہ ان کے ساتھ مل کر نئی جماعت کا باضابطہ اعلان کریں گے، جبکہ یوتھ ونگ بھی ہمارے ساتھ ہوگا۔
نئی سیاسی جماعت قائم کرکے لیاری سے الیکشن لڑوں گا، ذوالفقار بھٹو جونیئر

ٹیگز:
ذوالفقار بھٹو
