کوئٹہ(یو این اے )انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان معظم جاہ انصاری نے پولیس ٹریننگ کالج میں پاسنگ آٹ پریڈ کی پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس ایک مقدس پیشہ ہے، اس وردی کی حرمت، محکمہ کی عزت اور عوام کی امیدوں کا پاس رکھنا ہر اہلکار کی اولین ذمہ داری ہے۔انہوں نے نوجوان پولیس اہلکاروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج آپ کو اس مقام پر پہنچانے کے لیے آپ کے اساتذہ، والدین اور آپ کی اپنی محنت شامل ہے، آپ نے جس محکمہ کا انتخاب کیا ہے، وہ صرف نوکری نہیں بلکہ ایک مشن ہے۔ مجھے آج ان جوانوں کو تربیت یافتہ اور نظم و ضبط کا پیکر دیکھ کر خوشی محسوس ہو رہی ہے، تربیتی معیار اطمینان بخش ہے۔آئی جی پولیس نے کہا کہ بلوچستان پولیس کو اندرونی اور بیرونی دونوں سطح پر چیلنجز کا سامنا ہے، مگر ان چیلنجز کے باوجود ہمارے جوان اپنی جانیں قربان کر کے امن قائم رکھنے کے مشن پر گامزن ہیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ اب تک بلوچستان پولیس کے ایک ہزار سے زائد جوان جامِ شہادت نوش کر چکے ہیں جو ہماری قربانیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری عوام کو ہم سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں، ہمیں قانون کی طاقت، ریاستی وقار اور عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کرنی ہیں۔ قانون کی عملداری کے ساتھ ساتھ عوام کا اعتماد حاصل کرنا بھی ہماری ترجیح ہونی چاہیے۔آئی جی بلوچستان نے کہا کہ جلد ہی بلوچستان پولیس کامیابی اور ترقی کے ایک نئے دور میں داخل ہوگی۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ اگر تربیتی ادارے میں کسی قسم کی ترقیاتی ضروریات ہیں تو انہیں ہر ممکن وسائل کے ذریعے پورا کیا جائے گا۔انہوں نے جوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جہاں جہاں پولیس پر حملے ہوئے، ان علاقوں میں ہوشیار رہیں، عوام کے ساتھ ساتھ اپنی جان کی بھی حفاظت کریں۔ انہوں نے سوراب میں گزشتہ روز لیویز فورس پر ہونے والے حملے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کیا اور آئندہ بھی اپنی قربانیوں کا سلسلہ جاری رکھے گی۔آخر میں آئی جی نے اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان پولیس کو جدید خطوط پر استوار کرنے، اہلکاروں کی پیشہ ورانہ تربیت اور عوامی رابطوں کو مضبوط بنانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ عوام کا اعتماد مکمل طور پر بحال ہو سکے۔
چیلنجز کے باوجود ہمارے جوان اپنی جانیں قربان کر کے امن قائم رکھنے کے مشن پر گامزن ہیں، آئی جی بلوچستان

