کوئٹہ (این این آئی) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں جامعہ بلوچستان کے شعبہ پشتو، بلوچی اور براہوی کو بند کرنے کے حکومتی فیصلے کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے اسے اقوام و عوام دشمن اور علم دشمن اقدام قرار دیا گیا ہے۔ پارٹی نے اس فیصلے کو صوبائی حکومت کے پیچھے موجود اداروں کی سازش کا حصہ قرار دیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ محض اس بنیاد پر کہ ان شعبوں میں طلبہ کم اور اساتذہ زیادہ ہیں، ان شعبہ جات کو بند کرنا علمی جبر ہے، جسے کسی فورم پر جائز قرار نہیں دیا جا سکتا۔ یہ اقدام دراصل قومی زبانوں، خاص طور پر پشتو، بلوچی اور براہوی و ان اقوام کے ادبیات و تاریخ اور تمدن کے خلاف سازش ہے۔پارٹی نے واضح کیا کہ وہ اپنی قومی زبانوں کے تحفظ و فروغ کے لیے تمام جمہوری پارٹیوں اور تنظیموں کے ساتھ مل کر مزاحمت کرے گی۔ بیان میں یہ بھی نشاندہی کی گئی کہ بلوچستان کی 11 سرکاری جامعات شدید مالی بحران کا شکار ہیں، اساتذہ کو تنخواہیں نہیں ملتیں اور طلبہ پر فیسوں کا بوجھ اس قدر بڑھا دیا گیا ہے کہ 16 ہزار طلبہ کی تعداد کم ہو کر صرف 6 ہزار رہ گئی ہے۔مزید کہا گیا کہ حکومت نے 26-2025کے بجٹ میں 45 ارب روپے کا سپلیمنٹری بجٹ منظور کرایا، جس کی تفصیلات عوام یا اسمبلی کے سامنے نہیں رکھی گئیں۔ اسی طرح حالیہ صوبائی بجٹ میں 70 فیصد سے زائد اسکیمیں غیر منظور شدہ (Unapproved) ہیں، جبکہ اربوں روپے بلاک الاکیشن کی مد میں رکھے گئے ہیں۔ ہر ڈپٹی کمشنر اور کمشنر کو بھی اربوں روپے کے فنڈز دیے گئے ہیں، اور مختلف این جی اوز کو بھی خطیر رقوم فراہم کی گئی ہیں۔ اس کا واضح مطلب یہ ہے کہ یہ رقوم کرپشن اور کمیشن کا ذریعہ بنیں گی۔دوسری جانب تعلیم جیسے اہم اور بنیادی شعبے کو یکسر نظر انداز کیا گیا ہے۔ پورے صوبے کی تمام جامعات کے لیے صرف 8 ارب روپے مختص کرنا تعلیم دشمنی نہیں تو اور کیا ہے؟ حکومت اور اس کے سرپرستوں کی پوری کوشش ہے کہ صوبے کے تعلیمی ادارے بند کر کے نوجوان نسل کو علم، شعور اور آگاہی سے محروم رکھا جائے۔بیان میں زور دیا گیا کہ دنیا بھر میں اقوام نے اپنی زبان کے ذریعے ترقی کی ہے۔ پشتو محض ایک زبان نہیں بلکہ مزاحمت، فکری آزادی اور ثقافتی بقا کی علامت ہے۔ خوشحال خان خٹک، رحمان بابا اور غنی خان کی شاعری نے پشتو کو مزاحمتی ادب کی زبان بنایا ہے۔موجودہ ریاستی پالیسیاں دانستہ طور پر پشتو زبان کو تعلیمی اور علمی میدان سے باہر کرنے کی کوشش کر رہی ہیں، جو کہ فکری غلامی کو فروغ دینے کے مترادف ہے۔بیان کے آخر میں کہا گیا کہ وقت آ گیا ہے کہ پشتو زبان کو صرف بول چال کی حد تک نہ رکھا جائے بلکہ اسے تحقیق، سائنس، تعلیم، میڈیا اور پالیسی سازی کی زبان بنایا جائے۔ پشتو میں نصاب، سائنسی مواد، ترجمے، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور تحقیقی جرائد کے ذریعے علم کو عام کیا جائے۔
جامعہ بلوچستان کے شعبہ پشتو، بلوچی اور براہوئی کو بند کرنے کے حکومتی فیصلے کو مسترد کرتے ہیں،پشتونخوا نیپ

