اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے چین کے سفارت خانے کے ناظم الامور اور منسٹر کونسلر، یانگ نونے ملاقات کی۔ ملاقات چین کے سفارت خانے میں ایک خصوصی عشائیے کے موقع پر ہوئی۔ عشائیے میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مہمانِ خصوصی کے طور پر مدعو تھے۔اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ اور چینی سفارت خانے کے اعلیٰ حکام کے درمیان دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون، تجارتی روابط، پارلیمانی تعلقات اور خطے میں مشترکہ ترقی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین خطے کی ترقی کا مشترکہ وژن رکھتے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان مثالی تعلقات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی ایک تاریخی حقیقت ہے، اور ہر مشکل وقت میں دونوں ملکوں نے ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے مزید کہا کہ ہر پاکستانی کو پاک چین دوستی پر فخر ہے، کیونکہ دونوں ممالک کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی، اقتصادی، پارلیمانی اور دفاعی شعبے میں تعاون مثالی ہے، اور اعلیٰ قیادت کے درمیان قریبی روابط ان تعلقات کو مزید مضبوط بنا رہے ہیں۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے عوامی سطح پر روابط کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ پارلیمانی وفود کے تبادلوں میں تیزی لا کر دونوں ممالک کے عوام کو مزید قریب لایا جا سکتا ہے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) کو پاک چین دوستی کی ایک عظیم مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے سے نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے میں تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک خطے میں اقتصادی سرگرمیوں کو تیز کرنے، رابطہ کاری کو بڑھانے اور معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے خاص طور پر بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان منصوبوں سے بے روزگاری اور پسماندگی پر قابو پانے میں مدد ملے گی اور مقامی آبادی کو روزگار کے نئے مواقع میسر آئیں گے۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے چین کے سفارت خانے کے ناظم الامور اور ان کی پوری ٹیم کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان وفود کے تبادلوں میں تیزی لا کر باہمی تعلقات کو مزید وسعت دی جا سکتی ہے۔
پاک چین دوستی ایک تاریخی حقیقت ہے اور ہر مشکل وقت میں دونوں ملکوں نے ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیا ہے،ڈپٹی چیئرمین سینٹ

ٹیگز:
ڈپٹی چیئرمین سینٹ
