کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)کوئٹہ کے گورنمنٹ گرلز پوسٹ گریجویٹ کالج میں پہلے کانوکیشن کی تقریب سے خطاب میں وزیر تعلیم راحیلہ درانی نے کہا کہ آج میرے لیے اہم دن ہے، میں جہاں سے پڑھی ہوں آج اسی کالج کے کانوکیشن میں شریک ہوں، والدین کے بعد اساتذہ عزت اور وقار کے قابل ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے ہمیشہ تعلیم اور صحت پر کام کیا اور اسکول ایجوکیشن کے لیے 26 ارب روپے دیے، حکومت بلوچستان تعلیم کے فروغ کے لیے کوشاں ہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پرنسپل گورنمنٹ گرلز پوسٹ گریجویٹ کالج کوئٹہ کینٹ راحیلہ رمضان نے کہا کہ کالج میں 2016 سے اب تک 16 شعبوں میں بی ایس پروگرام چلایا جا رہا ہے، بی اے، بی ایس سی کے بعد بی ایس مشکل مرحلہ تھا۔
کانوکیشن میں 2016 سے 19 تک کے بی ایس پروگرام کی پاس آوٹ طالبات میں اسناد تقسیم کی گئیں، کانوکیشن میں مجموعی طور پر 400 طالبات کو ڈگریوں سے نوازا گیا، 36 طالبات کو گولڈ میڈلز، 38 کو پن آف آنر سے نوازا گیا جبکہ 3 طالبات کو شیلڈ آف آنر سے نوازا گیا۔

