کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)وزیراعلیٰ بلوچستان اور چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ جسٹس محمد ہاشم کاکڑ نے آتشزدگی سے متاثرہ سائنس کالج کا دورہ کیا اور متاثرہ کلاس رومز کا معائنہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا۔اس موقع پر کالج کے وائس پرنسپل نے آتشزدگی سے متعلق وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ نے کلاسز کی فوری بحالی اور کلاسز کے اجرا کے لیے اقدامات کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے محکمہ مواصلات و تعمیرات کو سائنس کالج کے مین بلاک کی ازسر نو تعمیر کی ہدایت کی۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ افسوسناک واقعہ کی تحقیقات کے لیے کمیٹی قائم کردی گئی ہے، آتشزدگی کے واقعہ کے بعد وائس پرنسپل کی کاوشیں اور اقدامات قابل ستائش ہیں۔
وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ محکمہ تعلیم کو ہدایت کی ہے کہ وائس پرنسپل کی خدمات کو سراہیں اور ان کی حوصلہ افزائی کی جائے، تعلیمی حرج ہونے نہیں دیا جائے گا، متبادل بلڈنگ میں کلاسز شروع کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

