سبی(ڈیلی گرین گوادر)”یوم استحصال“ کے موقع پر ڈپٹی کمشنر سبی کےدفتر سے یوم استحصال کشمیر ریلی نکالی گئی جس کی قیادت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل علی اصغر مگسی نے کی۔ ریلی میں تمام محکموں کے افسران اور ملازمین سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے وابستہ لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء افیسرز کلب چوک تک گئے ریلی میں شریک افراد نے بھارت کے غیر قانونی زیرِ تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور 5 اگست 2019 سے جاری بھارت کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کی مذمت کے لئے بینر اٹھا رکھے تھے۔ بھارت نے اپنے غیر قانونی زیرِ تسلط جموں و کشمیر کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ کو حیثیت کمزور کرنے کیلئے آج سے 5 سال قبل یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کئے، بھارت5 اگست 2019 سے اب تک علاقے میں اپنے غیر قانونی اقدامات سے بین الاقوامی قوانین، کشمیری عوام کی امنگوں اور جموں و کشمیر کے بارے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی یکسر خلاف ورزی کررہا ہے۔ریلی کے شرکاء نے پاکستان کے اس موقف کا اعادہ کیا کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر کے عوام کے حق ِخودارادیت کے حصول کیلئے ان کی جاری منصفانہ جدوجہد کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے۔
یوم استحصال کشمیر کے حوا لے سے سبی میں ریلی کا انعقاد

ٹیگز:
سبی
