کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان کا 870 ارب روپے سے زائد کا بجٹ 22 جون کو پیش کیا جائے گا۔ تعلیم، صحت، بلدیات اور امن وامان پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ 3 ہزار نئی آسامیاں پیدا کی جائیں گی، ارکان اسمبلی کے لئے بھی ترقیاتی فنڈز مختص کیے جانے کا امکان ہے۔صوبائی خزانہ میر شعیب نوشیروانی کے مطابق ممکنہ طورپر22 جون کو پیش کیا جانے والا آئندہ مالی سال کا بجٹ سر پلس رہنے کا امکان ہے، گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں اس بار حجم 250 ارب سے زائد ہو کر 870 روپے ہو جائے گا۔ ترقیاتی منصوبوں کے لیے 220 ارب سے زائد مختص کئے جائیں گے۔تعلیمی بجٹ میں ریکارڈ 52 فیصد کا اضافہ کرکے اسے 115 ارب کر دیا گیا ہے، جب کہ صحت کے لیے 68 ارب روپے مختص کئے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ پولیس، لیویز میں 3000 نئی اسامیاں پیدا کی جائیں گی، بلدیات کے بجٹ میں 110 فیصد اضافہ کرتے ہوئے اسے 16 سے بڑھا کر 35 ارب کیا جائے گا، جب کہ سولرآئزیشن اور گرین پاکستان کے لیے پچاس پچاس ارب مختص کئے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ این ایف سی ایوارڈ کے تحت بلوچستان کو وفاق سے آئندہ مالی سال کے لیے 15ارب 32کروڑ روپے زیادہ ملیں گے، اس مد میں مجموعی طور پر وفاقی حکومت سے 667 ارب 55 کروڑ روپے ملیں گے۔قابل تقسیم محاصل سے بلوچستان کی آمدنی کا تخمینہ 647 ارب 70 کروڑ روپے ہے۔ گیس اور تیل پر رائیلٹیز سے براہ راست منتقلی کی مد میں بلوچستان کو 20 ارب 55 کروڑ روپے ملیں گے۔دوسری جانب وزارت خزانہ کے حکام نے بتایا ہے کہ بلوچستان کو قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ کے تحت وفاق سے 667 ارب 50 کروڑ سے زیادہ کی رقم ملے گی، جب کہ رواں مالی سال کے دوران صوبائی حکومت کو این ایف سی ایوارڈ کے تحت 493 ارب 70 کروڑ کی رقم ملی تھی۔ذرائع نے بتایا ہے کہ صوبے کو مالی سال 25-2024 کے دوران آئل اینڈ گیس کی رائیلٹی کی مد میں 20 ارب 55 کروڑ روپے کی رقم موصول ہوگی۔
بجٹ میں تعلیم، صحت، بلدیات اور امن وامان پر خصوصی توجہ دی گئی ہے،صوبائی وزیرخزانہ

ٹیگز:
صوبائی وزیر خزانہ
