چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ صرف پیپلزپارٹی پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی مخالفت کررہی ہے، ہمارے باقی دوست تو اپوزیشن سے ہی اپوزیشن کررہے ہیں،اس کا فائدہ عمران خان کو ہو رہا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم کسی لڑائی میں نہیں پڑنا چاہتے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ اپوزیشن جماعتیں مل کرکام کریں۔ اگر اپوزیشن جماعتیں مل کر حکومت کی مخالفت نہیں کریں گی تو عمران خان کو فائدہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ آپس میں لڑنے کے بجائے حکومت کونشانہ بنائیں تو ہم کامیاب ہوں گے۔ اپوزیشن کی کچھ جماعتیں یہ تاثر دے رہی ہیں کہ پیپلز پارٹی نے ڈیل کی ہے۔اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے۔ گریز کررہا ہوں جواب دینا اچھے سے آتا ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ چھوٹے ایشوز کے بجائے حکومت مخالف تحریک پر توجہ دینی چاہیے۔ پارلیمانی سیاست کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر سے رابطہ رکھنا پڑے گا۔ پیپلزپارٹی کبھی ڈیل کی سیاست نہیں کرتی۔ سمجھتا نہیں ہوں کہ کسی کو منانے کی ضرورت ہوگی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) اداروں کی سیاست میں مداخلت کیخلاف بنائی گئی تھی. سربراہ پی ڈی ایم پر اہم ذمہ داری ہے کہ وہ سب کو جوڑ کر رکھیں کسی ایک کا ساتھ نہ دیں. امید ہے مولانا فضل الرحمان اپوزیشن اتحاد کو نقصان نہیں پہنچانے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کچھ لوگوں کو لگ رہا ہے کہ یوسف رضا گیلانی کی کامیابی ن لیگ کے دوستوں کو ہضم نہیں ہورہی ہے۔ ہر موقع پر آر یاپار کی سیاست نہیں چلتی۔ چھوٹے موٹے اختلاف کی وجہ سے بڑے فائدے کو نقصان نہیں پہنچانا چاہیے۔ سینیٹ کے اجلاس کی وجہ سے سی ای سی کا اجلاس موخر کیا گیا۔

