کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)ایمرجنسی آپریشن سینٹر بلوچستان کے کوآرڈینٹر سید زاہد شاہ نے کہا ہے کہ سات روزہ انسداد پولیو مہم بلوچستان بھر میں 26 فرور ی سے شروع ہوگی، مہم کے دوران26لاکھ55ہزارسے زائد بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلائے جائیں گے مہم کے دوران بچوں کو وٹامن اے کے قطرے بھی پلائے جائیں گے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ2021کے بعد اب تک بلوچستان میں پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔ تاہم تشویش کی بات یہ ہے کہ ڈھائی سال بعد سال 2023 کے دوران صوبے کے مختلف اضلاع کے ماحول میں پولیو وائرس کی دوبارہ موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کو یقینی بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، پولیو کے انسداد کے لئے پر عزم ہیں۔صوبائی کوارڈینٹر نے کہا کہ مخلصانہ کوششوں کے باعث بلوچستان گزشتہ دو سالوں سے پولیو فری صوبہ قرار پایا ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیو ورکرز نے ہرطرح کے سخت ترین موسمی حالات کے باوجود قومی فریضہ کی ادائیگی میں اپنے فرائض احسن طریقے سے نبھائے ہیں، معمول کے حفاظتی ٹیکہ جاتی نظام کو بھی مضبوط بنیادوں پر استوار کیا جارہا ہے۔سید زاہد شاہ نے کہا کہ پولیو مہم کے دوران11 ہزار446کے قریب ٹیمیں حصہ لیں گی۔جن میں 9ہزار170 موبائل ٹیمیں،958 فکسڈسائٹ او ر623ٹرانزٹ پوائنٹس شامل ہیں۔
بلوچستان بھر میں سات روزہ انسداد پولیو کی مہم26 فرور ی بروز پیر سے شروع ہو گی، کوآرڈینٹر سید زاہد شاہ

ٹیگز:
کوآرڈینٹر سید زاہد شاہ
