کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی نے کوئٹہ میں حلقہ NA-263کوئٹہ IIکے مرکزی انتخابی دفتر کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں پشتونوں کی تاریخی سرزمین دیگر اقوام پنجابی، سندھی اور بلوچ سے زیادہ ہے لیکن یہ سرزمین کئی ٹکڑوں میں منقسم ہے اور دیگر اقوام کے ساتھ انتظامی یونٹوں میں ہے جسے ملاکر پشتونخواصوبہ بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوا میں لفظ ”ہ“ نہیں لکھنے میں احتیاط برتنی چاہئے لفظ پشتونخواہ لکھنا درست نہیں۔ الف کے بعد ”ہ“ لگادیا جائے تو اس کے معنی ہی بدل جاتی ہے جبکہ پشتونخوا کے معنی پشتونوں کا طرف یا پشتونوں کا ایریا/علاقہ ہے۔ پانچ قوموں کی مشترکہ فیڈریشن میں حقوق برابری کی بنیاد پر تقسیم کیئے جائیں۔ پشتونوں کا حق حاصل کیئے بغیر جدوجہد سے دستبردار نہیں ہونگے، پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں نے انتخابی مہم میں اپنی بات دلیل کے ساتھ پیش کرنی ہوگی اگر چہ ہم اپنے مخالف کے ساتھ بات کیوں ہی نہ کررہے ہوں لیکن ہر بات احتیاط کے ساتھ کہنی ہوگی۔ بلوچوں سے کہہ چکا ہوں کہ ہم نے ایک دوسرے کو سمجھنے کی کوشش کی تو یہاں واک واختیار ہمارا ہوگا بغیر بندوق کے ہم پر امن سیاسی جمہور ی جدوجہد کے ذریعے اپنے حقوق حاصل کرسکتے ہیں، زندگی گزارنے اور اسے آسان بنانے کا طریقہ یہ ہے کہ جس بات پر آپ کو غصہ آتا ہو جو بات آپ سننے کیلئے تیار نہیں ہو وہی بات دوسروں سے نہ کہوپھر لڑائی نہیں ہوگی، اور یہ اللہ کا بھی یہ فرمان ہے کہ جو چیز اپنے لیئے پسند کرو وہی اپنے دوسرے بھائی کیلئے پسند کرو۔ ووٹ پشتونخوامیپ کے امیدواروں کو دیکر اپنے مشکلات میں کمی ممکن بنائیں جو لوگ انتخابات میں عوام کی ضمیر خریدنے کی کوشش کررہے ہیں ان سے پیسے لیکر فیصلہ اپنے ضمیر کے مطابق کرکے، الیکشن کے بعد انہیں بُلا کر کہیں کہ کیونکر آپ نے ہمیں ریوڑ کی بھیڑ بکریاں سمجھ کر خریدنے کی کو شش کی؟ محمودخان اچکزئی نے اسٹیبلشمنٹ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ان لوگوں سے درخواست کرتے ہیں جو لوگ انتخابات میں مداخلت کرکے نتائج تبدیل کرتے ہیں کہ اس انتخابات میں مداخلت سے باز رہیں،عوام کو اپنی مرضی سے ووٹ کاسٹ کرنے دیں یہ عوام کا حق ہے کہ وہ جسے بھی ووٹ دینا چاہیں انہیں دیں دو مرتبہ انتخابات میں دھاندلی کی وجہ سے ملک کو بربادی کا سامنا کرنا پڑا ایک مرتبہ شیخ مجیب الرحمن نے ووٹ جیتا ہم نے انکار کیا جس کے نتیجے میں ملک دولخت ہوا اور دوسری بار جب ذوالفقار علی بھٹو نے الیکشن میں مداخلت کی اور دھاندلی کی تو لوگ گلی کوچوں میں نکل پڑے قومی اتحاد بنی مردہ باد زندہ باد کے نعرے لگے اور بھٹو کو پھانسی ہوئی، آج ملک کمزور حالت میں ہے ان تماشوں کا متحمل نہیں ہوسکتا، لوگوں کو جیتنے دیں ان کا راستہ نہ روکیں بعد میں بیشک ان سے بات کریں۔ محمودخان اچکزئی نے کہا کہ الیکشن میں پچھلے وقتوں کی طرح مداخلت کی گء کہ جیتنا کسی نے تھا اور آپ نے کسی اور کو جتوایا تو پھر میں کبھی بھی الیکشن میں امیدوار نہیں ہونگا اب بھی میرا ارادہ نہیں تھا لوگوں نے مجبور کیاہے، پارلیمنٹ نہ صحیح ہم اپنے پرلتوں (دھرنوں) کو دوام دینگے ہم پشتون بلوچ مل کر زندہ باد مردہ باد کے ذریعے اپنے حقوق حاصل کرینگے۔ چمن میں 80روز سے لوگ بیٹھے ہوئے ہیں، مملکت کے کان پر جووں تک نہیں رینگتی، مملکت اپنے عوام کی ماں باپ کی مانند ہوتی ہے بچے ناراض ہوں احتجاج پر ہوں اور مملکت خاموش تماشائی بن بیٹھے یہ ناقابل برداشت ہے۔ کیا ہوگا اپنے بچوں کو سن لیں ان کی بات مان لیں اور یہ پاگل پن چھوڑیں۔ دنیا میں لوگ اس بات پر فخر کرتے ہیں کہ انکے اپنے عوام کسی بات کا انکار کریں اور ڈٹ جائیں اپنے جائز مطالبات کے ماننے کیلئے تو وہ ریاست پھر ان کی بات مان بھی لیتی ہے اور ان کے مطالبات حل کرتے ہیں۔ محمودخان اچکزئی نے اس حوالے سے فرانس کی مثال دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ایک اعلیٰ سطحی وفد جس میں سوائے وزیر اعظم عمران خان کے باقی وزیر خارجہ، انٹیلی جنس، چیف، نادراچیف، کسٹم کا ہیڈ تجارت کا سربراہ یہ سب شامل تھے ان لوگوں نے افغان حکومت کے ساتھ باقاعدہ بات چیت کی تھی اور طے کیا تھا کہ کوئٹہ چمن کیلئے اس لائن پر کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ اور کمپیوٹرائزڈ تذکرہ ہی کے ذریعے آمدورفت ممکن ہوگی اور تجارت بھی اسی ذریعے سے ہوگی نہ جانے پھر ایسا کیاہوا کہ اس خط پر آمدورفت بند کرکے ہزاروں نوجوانوں کو بیروزگار، لاکھوں لوگوں کو نان شبینہ کا محتاج بنایا جارہا ہے۔ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ اپنے عوام کیخلاف کھڑا ہونا دانش مندی نہیں جو بھی عوام کیخلاف کھڑے ہوئے ہیں شکست ان کا مقدر بنی ہے۔ محمودخان اچکزئی نے کہا کہ پشتونخواملی عوامی پارٹی میں لوگ جوق در جوق شامل ہورہے ہیں انہیں خوش آمدید کہتے ہیں، بلوچ بھائیوں کے ساتھ بات کرینگے اب بھی اس صوبے کا بہترین راستہ یہ ہے کہ پشتون بلوچ ایک دوسرے کو سمجھنے کی کوشش کریں اور صوبے کے تمام غم اور خوشی میں دو بھائیوں کی طرح آپس میں آدھا آدھا مان لیں، گورنر اوروزیر اعلیٰ اپنی اپنی باری پر پشتون اور بلوچ ہوں، وسائل اور بجٹ کی منصفانہ تقسیم ہو ہر چیز برابری کی بنیاد پر ہو پھر ہم اسے عوام کی امنگوں کا ایک ترقی یافتہ خوشحال صوبہ بناسکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پشتونخواملی عوامی پارٹی کے چیئرمین حلقہ NA-263کوئٹہ IIاورحلقہ NA-266چمن قلعہ عبداللہ کی نشست پر پارٹی کے نامزد امیدوار محمود خان اچکزئی نے کوئٹہ میں NA-263کوئٹہ IIاور پی بی41کوئٹہ IVکے مرکزی انتخابی دفتر کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس سے قبل انہوں نے باقاعدہ فیتہ کاٹ کر دفتر کا افتتاح کیا، کارکنوں نے پھول کے پتے نچاور کیااور پرجوش استقبال کیا۔ اجتماع سے پارٹی کے صوبائی صدر پی بی41پر پارٹی کے نامزد امیدوار عبدالقہار خان ودان، پی بی42کے نامزد امیدوار محمد علی پراچہ، ضلعی ایگزیکٹیوز صاحب خان بڑیچ، عمر قریش نے بھی خطاب کیا۔ جبکہ سٹیج سیکرٹری کے فرائض شکور افغان نے سرانجام دیئے۔ اس موقع پرNA-263کوئٹہ IIپر آزاد امید وار اقبال احمد لہڑی اور پی بی41کوئٹہ IVپر آزاد امیدوار عبداللہ خان اچکزئی نے پشتونخوامیپ کے نامزد امیدواروں کے حق میں دستبرداری کا اعلان کیا۔ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ سوشل سائنس کے ماہرین نے آج کے دور میں کسی قوم کی تعریف یوں بیان کی ہے کہ وہ انسانی مجمع یا ٹولہ جس کی زبان، ثقافت، جغرافیہ، تاریخ اور ہیروز ایک ہوں وہ ایک قوم کہلاتی ہیں، قوموں کے اس مشترکہ فیڈریشن میں پشتون ایک قوم کی حیثیت سے مختلف انتظامی یونٹوں میں تقسیم ہے اگر چہ پشتونوں کی زبان، ثقافت ایک ہے اور انکا جغرافیہ سبی کے میدانوں سے لیکر چترال کے پہاڑوں تک متصل اور ایک ساتھ ہے اور دیگر تمام اقوام سے رقبے کے لحاظ سے پشتونوں کا جغرافیہ زیادہ ہے لہذا پشتونوں کے اس جغرافیے پر مشتمل صوبہ پشتونستان، پشتونخوا یا افغانیہ کے نام سے ناگزیر ہوچکا ہے اور اس کیلئے خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی نے جدوجہد کی تھی آج بھی یہ جدوجہد جاری ہے۔
پانچ قوموں کی مشترکہ فیڈریشن میں حقوق برابری کی بنیاد پر تقسیم کیئے جائیں،محمودخان اچکزئی

ٹیگز:
محمودخان اچکزئی
