اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے بلوچ لانگ مارچ کے 162 گرفتار افراد کی ضمانتیں منظور کرلی ہیں۔
جوڈیشل مجسٹریٹ مرید عباس نے زیر حراست افراد کی ضمانتیں منظور کی، بلوچ مظاہرین کی جانب سے مصدق خٹک ایڈووکیٹ، وکیل قیصر امام و دیگر عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔پولیس افسر نے بتایا کہ 34 مظاہرین کو شناخت پریڈ کے لیے رکھا ہوا ہے، عدالت نے 5،5 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض ضمانتیں منظور کی۔
یاد رہے کہ 21 دسمبر کو جبری گمشدگیوں اور ماورائے عدالت قتل کے خلاف بلوچ خواتین کی قیادت میں وفاقی دارالحکومت پہنچنے والے لانگ مارچ میں شرکا کے خلاف اسلام آباد پولیس نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے تمام بلوچ مظاہرین کو گرفتار کرلیا تھا۔
لانگ مارچ 20 دسمبر کو وفاقی دارالحکومت کے مضافات میں پہنچا تاہم اسلام آباد پولیس نے مظاہرین کو نیشنل پریس کلب تک پہنچنے سے روکنے کے لیے شہر کے داخلی راستوں سمیت اہم راستوں پر ناکہ بندی کر دی تھی۔

