کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے مرکزی سینئر سیکرٹری سید عبدالقادر آغا ایڈووکیٹ، صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے، صوبائی سیکرٹری اول فقیر خوشحال کاسی، صوبائی آفس سیکرٹری ندا محمد سنگر، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری پروفیسر اسد خان ترین، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری عبیداللہ توخی، ضلعی کمیٹی کے ذمہ داران اور پارٹی کے سینکڑوں کارکنوں نے آج ہنہ اوڑک کے شہداء سے اظہارِ یکجہتی اور انصاف کے مطالبے کے لیے بی اے مال کے سامنے جاری احتجاجی دھرنے میں شرکت کی۔ اس موقع پر پارٹی رہنماؤں نے کہا کہ حکومت امن و امان کے قیام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہنہ اوڑک کے المناک واقعے میں اب تک چار افراد شہید، گیارہ افراد لاپتہ اور متعدد افراد زخمی ہو چکے ہیں، لیکن حکومت کی جانب سے اب تک کوئی مؤثر اور عملی اقدامات سامنے نہیں آئے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ لاپتہ افراد کی فوری بازیابی، واقعے میں ملوث دہشت گرد عناصر کی گرفتاری اور متاثرہ خاندانوں کو فوری اور مکمل انصاف فراہم کیا جائے۔ پارٹی رہنماؤں نے واضح کیا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی ہنہ اوڑک دھرنا کمیٹی کے تمام مطالبات کی مکمل حمایت کرتی ہے اور ان مطالبات کی منظوری اور عملی نفاذ کے لیے ہر ممکن سیاسی، جمہوری اور آئینی جدوجہد جاری رکھے گی۔ بعد ازاں مولوی رحمت اللہ کی صدارت میں آل پارٹیز کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں مختلف سیاسی جماعتوں، وکلاء، ڈاکٹروں، سول سوسائٹی، انجمن تاجران، چیمبر آف کامرس اور دیگر تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ کانفرنس میں پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کی نمائندگی صوبائی صدر نصراللہ خان زیڑی اور صوبائی سیکرٹری اول فقیر خوشحال کاسی نے کی۔ انہوں نے موجودہ صورتحال کے حوالے سے اپنی تجاویز اور سفارشات پیش کیں، جنہیں کانفرنس کے شرکاء نے سراہا۔ آل پارٹیز کانفرنس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ بروز بدھ بی اے مال کے سامنے ایک عظیم الشان عوامی جلسہ منعقد کیا جائے گا، جس میں مختلف سیاسی جماعتوں کی مرکزی قیادت، قومی و سماجی شخصیات، وکلاء، تاجر برادری، سول سوسائٹی کے نمائندے اور ہزاروں شہری شرکت کریں گے۔ بیان میں عوام سے پرزور اپیل کی گئی کہ وہ بروز بدھ بی اے مال کے سامنے منعقد ہونے والے عظیم الشان عوامی جلسے میں بھرپور شرکت کرکے شہداء کے لواحقین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کریں اور امن، انصاف، عوام کے تحفظ اور دہشت گردی کے خاتمے کے مطالبات کے حق میں اپنی مؤثر اور بھرپور آواز بلند کریں۔
حکومت امن و امان کے قیام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے : سید عبدالقادر آغا ایڈووکیٹ، صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے

ٹیگز:
نصراللہ خان زیرے
